اساتذہ کو بے توقیر نہ کریں ، فوجی افسران کی طرح گرفتاری سے استثنیٰ دیکر محکمانہ کارروائی کی جائے :مجیب الرحمان شامی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف دانشور مجیب الرحمان شامی نے وائس چانسلرز سرگودھا اور پنجاب یونیورسٹی کی گرفتاری کے حوالے سے کہاہے کہ اساتذہ کوبے توقیر نہ کیا جائے بلکہ فوجی افسران کی طرح گرفتاری سے استثنیٰ دیکر محکمہ کارروائی کی جائے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”نقطہ نظر“ میں گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی نے کہاکہ مراد سعید نے دوسوارب ڈالر واپس لانے کی بات کی تھی اورعمران خان نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کی بجائے خود کشی کرلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بیانات بعد میں سامنے آتے ہیں اور اس لئے مفروضوں پر مبنی باتیں نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کے داما د علی عمران بیرون ملک جاچکے ہیں اور عدالت میں پیش نہیں ہورہے جبکہ ان کے سسرنیب کے سامنے پیش ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی عمران کو واپس آکر نیب کا سامنا کرنا چاہئے ورنہ جوبھی حالات ہونگے اس کے ذمہ دار وہ خود ہونگے ، سابق وائس چانسلر ز سرگودھایونیورسٹی اورپنجاب یونیورسٹی مجاہد کامران کے نیب کے زیر حراست ہونے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر یونیورسٹی میں کنٹریکٹ پر ملازم رکھ سکتاہے ،ان کاکہنا تھاکہ اتنے بڑے استادوں کی گرفتاری پر چیئر مین نیب سے درخواست کرتاہوں کہ ان کو اس طرح گرفتار کرکے بے توقیر نہ کیا جائے بلکہ جس طرح فوجی افسران کو گرفتاری سے استثنیٰ دیدیا گیا ہے اس طرح اساتذہ کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی جائے ۔