احتساب بلا امتیاز ، کھربوں کی لوٹ مار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے :محمود الرشید

احتساب بلا امتیاز ، کھربوں کی لوٹ مار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے :محمود ...
احتساب بلا امتیاز ، کھربوں کی لوٹ مار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے :محمود الرشید

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبائی وزیر ہاﺅسنگ محمود الرشید نے کہاہے کہ کھربوں روپے کے لوٹ کے پیسے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن کے لوگ اور بیورو کریٹس جو پیسہ لوٹ کرباہر لیکر گئے ہیں وہ واپس لیکر آئیں گے ،نیب پر دباﺅ نہیں ڈالا بلکہ کہاہے کہ احتساب بلا امتیاز کیا جائے ۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ “ میں گفتگو کرتے ہوئے محمود الرشید نے کہا کہ پچھلے 36سال سے دونوں بڑی پارٹیوں نے گند ڈالا، بے دردی کے ساتھ قرضے لئے گئے ، اب جوکچھ ہورہا ہے یہ ان کا کیا دھراہے اور تحریک انصاف کا کیا دھرا نہیں ہے ، ہم کو ابھی چھ ہفتے ہوئے ہیں ، ہم دوتین سال کے بعد جوابدہ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مجرم اور ملزم یہ دوپارٹیاں ہیں جنہوں نے اس معاملے کا کوئی حل نہیں ڈھونڈا کہ قرضوں کوکس طرح اتارناہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کو معیشت آئی سی یو میں ملی ، ہم نے قرضے پر قرضہ نہیں لینا ، اس معاملے کا مستقل حل ڈھونڈیں گے ، ان کاکہنا تھا کہ بیرون ملک سے پیسہ و اپس لانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی انتقام نہیں لے رہے بلکہ یہ چیئر مین نیب مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا لگایا ہواہے ۔ ہم نے کسی پر دباﺅ نہیں ڈالا بلکہ یہ کہاہے کہ بلا امتیاز احتساب کیاجائے ۔ آئی ایم ایف سے تاریخ کا سب سے بڑا بیل آﺅٹ پیکج لینے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ جوکچھ بھی ہوگا قوم کے سامنے ہوگا ۔ ہم کھربوں روپے کے لوٹ کے پیسے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن کے لوگ اور بیورو کریٹس جو پیسہ لوٹ کرباہر لیکر گئے ہیں وہ واپس لیکر آئیں گے ، یہ عمران خان کاقوم سے وعدہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی ناک کے نیچے سب کچھ ہوتارہا ، چار سال تک صاف پانی کمپنی کے سی اوز کو لگائے رکھا گیا اور ان کوبھاری تنخواہیں دی جاتی رہیں اور چار سال بعد ان کوخیال آیا کہ صاف پانی پراجیکٹ میں کرپشن ہوتی رہی ہے اور اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کروادیا ۔

مزید : قومی