قانونی احکامات جاری کرسکتے ہیں ، ضمنی الیکشن ہونے تک طاہر خان ہی آئی جی پنجاب رہیں گے:ترجمان الیکشن کمیشن

قانونی احکامات جاری کرسکتے ہیں ، ضمنی الیکشن ہونے تک طاہر خان ہی آئی جی پنجاب ...
قانونی احکامات جاری کرسکتے ہیں ، ضمنی الیکشن ہونے تک طاہر خان ہی آئی جی پنجاب رہیں گے:ترجمان الیکشن کمیشن

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) الیکشن کمیشن کے ترجمان الطاف خان نے کہاہے کہ الیکشن کے دوران کوئی ایسی ہائی پروفائل پوسٹنگ ہوجائے تو وہ ایک بڑی مصیبت کا باعث بن سکتی ہے ، الیکشن کمیشن نے جو آرڈر معطل کروایا تھا وہ معطل ہی رہے گا اور انتخاب ہونے تک محمد طاہر خان ہی آئی جی پنجاب رہیں گے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے الطاف خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آرٹی ایس سسٹم کو بند کرنے کے حوالے سے ایک آڈیو کلپ کی تحقیقات کے لئے آڈیو کلپ کے فرانزک کاحکم دیدیا ہے تاکہ حقائق قوم کے سامنے لائے جا سکیں ، ہم چاہتے ہیں کہ آڈیو کلپ کی حقیقت قوم کے سامنے لائی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ آرایم ایس سافٹ ویئر انڈین کمپنی سے نہیں بلکہ پاکستانی فرم سے بنوایا گیاتھا اور اس حوالے لگائے جانیوالے تمام الزامات جھوٹ اور مضائقہ خیز ہیں،آئی جی پنجاب محمد طاہر کے تبادلے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس لینے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ الیکشن کسی بھی ضلع میں ہوں تو وہ ضلع کسی نہ کسی صوبے میں ہوتا ہے ، اس لئے الیکشن کے دوران کوئی ایسی ہائی پروفائل پوسٹنگ ہوجائے تو وہ ایک بڑی مصیبت کا باعث بن سکتی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ا س حوالے سے نوٹس لے سکتاہے اور شفاف الیکشن کے لئے قانونی احکامات جاری کر سکتاہے ۔ الیکشن کمیشن نے جو آرڈر معطل کروایا تھا وہ معطل ہی رہے گا اور انتخاب ہونے تک محمد طاہر خان ہی آئی جی پنجاب رہیں گے ، انہوں نے کہا کہ آئی پنجاب کی تقرری پر سٹیبلشمنٹ ڈویژن کوجواب دیدیا ہے ۔

مزید : قومی