عمران خان کو یقین ہی نہیں کہ وہ وزیراعظم ہیں،ملک میں تحریک انصاف کی حکومت کی وجہ سے معاشی سونامی آیا:بلاول بھٹو

عمران خان کو یقین ہی نہیں کہ وہ وزیراعظم ہیں،ملک میں تحریک انصاف کی حکومت کی ...
عمران خان کو یقین ہی نہیں کہ وہ وزیراعظم ہیں،ملک میں تحریک انصاف کی حکومت کی وجہ سے معاشی سونامی آیا:بلاول بھٹو

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں معاشی بحران کا ذمہ دار پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے مہنگائی کا طوفان برپا کرکے عوام کو پریشان کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل” دنیانیوز“ کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ معاشی حالات سے عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہیں،موجودہ حکومت کی وجہ سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ پڑا، حکو مت نے گیس ،بجلی سمیت دیگر اشیا کی قیمتیں بڑھائی، حکومتی وزیرغیرذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں، پی ٹی آئی حکومت کی وجہ سے معاشی سونامی آیاہے, یہ کس قسم کا نیا پاکستان ہے کہ روٹی 10 روپے اور نان 15 روپے کا ہے اور وزراء غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں،میں نے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ یہ حکومت آئی ایم ایف کے پاس جا رہی ہے لیکن حکومتی وزراء آئی ایم ایف کے پاس جانے کی تردید کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن کے اندر ایک کروڑ ڈالر کا نقصان پہنچایا گیا، خطرہ ہے کہ کہیں ملک کو بلیک لسٹ پر نہ ڈال دیا جائے، خان صاب اپوزیشن موڈ سے باہر ہی نہیں جا رہے، عمران خان کو یقین ہی نہیں کہ وہ وزیراعظم ہیں،عمران خان ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں، ضمنی انتخابات سے قبل اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری خطرناک ہے، اپوزیشن لیڈرکے ساتھ انصاف ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کوچلانے کاایسا طریقہ کارنہیں ہوتا،سابق حکومت کی معاشی پالیسیاں کمزورتھیں، عوام چاہتی ہے کہ ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی ہو، پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ کرپٹ افراد کااحتساب ہو، شہبازشریف کےلئے ہماری اتنی ہمدردیاں نہیں ہیں، شہبازشریف نے ہماری پارٹی کیخلاف غلط زبان استعمال کی، ہم ملک میں آئین اورقانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، شہبازشریف کیس میں انصاف ہونا چاہیے۔

مزید : قومی /علاقائی /سندھ /کراچی