چین کا سی پیک میں توسیع کا اعلان وزیر اعظم پر اعتماد ہے،ہمایوں اختر

چین کا سی پیک میں توسیع کا اعلان وزیر اعظم پر اعتماد ہے،ہمایوں اختر

  



لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ چین کا سی پیک میں توسیع کا اعلان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے، سی پیک کے تحت ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل سے ریلوے میں انقلاب آئے گا،(ن) لیگ، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی پر مشتمل کرپشن کاٹرائیکا عوام کے غیض و غضب کا نشانہ بنے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے پارٹی رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اخترخان نے کہاکہ چین کی قیادت کی جانب سے سی پیک میں توسیع کا عندیہ اپوزیشن کی جانب سے سی پیک کے خلاف منفی پراپیگنڈے کا منہ توڑ جواب ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے چینی قیادت کو یقین دلایا ہے کہ سی پیک کے تحت منصوبوں کی تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے اور اس جانب عملی پیشرفت جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ملک کے خلاف خطرناک سازشوں میں مصروف عناصر بہت جلد عوام کے سامنے بے نقاب ہونگے۔ مولانا فضل الرحمان صرف مہرے کا کردار ادا کر رہے ہیں اصل میں ان کی ڈوریاں جیل کی سلاخوں کے پیچھے سے ہلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانافضل الرحمان کی سر گرمیوں سے ملک میں انتشار پھیلنے کا خطرہ ہے اور اس کا فائدہ ہمارے ازلی دشمن کو ہوگا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1