گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال میں یوم بصارت کے سلسلہ میں آگاہی واک

  گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال میں یوم بصارت کے سلسلہ میں آگاہی واک

  



لاہور(سٹی رپورٹر)شعبہ امراض چشم کی نامور شخصیت قمر الاسلام لودھی نے کہاہے کہ آنکھوں جیسی حساس اور لاثانی قدرتی نعمت کی حفاظت کے لیے ہم سب کو ہمہ وقت محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔آنکھ کی بیماری کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے کسی بھی قسم کی تکلیف کی صورت میں سنے سنائے ٹوٹکے آزمانے کی بجائے فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال کے زیر اہتمام عالمی یو م بصارت کے سلسلہ میں آگاہی واک کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عالمی یو م بصارت کے سلسلہ میں آگاہی واک میں چئیر مین پروفیسر ڈاکٹر عامر عزیز گھرکی ہسپتا ل، میڈیکل ڈائریکٹرڈاکٹر خرم اعجازگھرکی ہسپتال، لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر عبد المجید، لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے سابقہ وائس پر نسپل پروفیسر محمد اقبال حسین بٹ، شعبہ امراض چشم کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمیاں شفیق، ڈائریکٹر اکاوٗنٹس اینڈ پراجیکٹس محمد نعیم،، Fred Hollows Foundation of Pakistan کے Country Manager فاروق اعوان،دیگر ڈاکٹرز، نرسز،پیرا میڈیکل اسٹاف اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جنہوں نے آنکھوں کی اہمیت، دیکھ بھال، کالے موتیے سے بچاوٗ او رحفاظتی تدابیر کے حوالے سے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ واک کے شرکا ء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سے نا بینا پن کے خاتمے اور آنکھوں سے متعلقہ بیما ریوں کے خاتمے کے لیے بھر پور کوششیں کی جائیں گی۔اس موقع پر شعبہ امراض چشم کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمیاں شفیق کا کہنا تھا کہ شوگر اور بلڈ پریشر آنکھوں کی بینائی کے دشمن ہیں۔ آنکھوں کی حفاظت کے لیے عوامی شعور اجاگر کرنا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ دنیامیں کالا موتیا اندھے پن کی دوسری بڑی وجہ ہے جس کا تناسب 40سال کے بڑی عمر کے لوگوں میں 2سے7فیصد ہے جبکہ پاکستان میں یہ تناسب خطر ناک حد تک زیادہ ہے۔اس موقع پر چئیر مین پروفیسر ڈاکٹر عامر عزیز نے لوگوں اور خاص طور پر بچوں کو آنکھوں کی بیماریوں سے بچانے کے لیے انہیں آگاہی دینے کی ضرورت پر زور دیا اورکہا کہ ایسی تقریبات سال میں صرف ایک بار ہی نہیں ہونی چاہئیں بلکہ اس کے لیے ایک جامع پروگرام ترتیب دیا جانا چاہیے تاکہ لوگوں کو آنکھوں کی حفاظت کرنے کی مسلسل ترغیب دی جاسکے۔عالمی یو م بصارت پر تقریب کا انعقاد کرنے پروفیسر محمد اقبال حسین بٹ گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال کو شاندا ر الفا ظ میں خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ اس قسم کی تقریبا ت کا انعقا د کرکے ہم تیز ی سے بڑھتی ہوئی آنکھوں کی بیماریوں پر قابو پا سکتے ہیں۔گھرکی ہسپتال میں آگاہی واک کے ساتھ ساتھ تین روزہ فری آئی کیمپ کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں بے شمار لوگوں کے مفت آپریشنز اور ادویا ت بھی فراہم کی گئیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...