نوجوانوں کو نظر انداز کر کے مثبت تبدیلی نہیں آ سکتی،جاوید قصوری

نوجوانوں کو نظر انداز کر کے مثبت تبدیلی نہیں آ سکتی،جاوید قصوری

  



لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں ان کو نظر انداز کرکے ملک میں مثبت تبدیلی نہیں لائی جاسکتی۔ہمیں نوجوانوں کو کسی بھی موقع پر تنہا نہیں چھوڑنا چاہئے۔نوجوان طبقہ پاکستان کی کل آبادی کے 60فیصدحصے پر مشتمل ہے اس وقت ملک بھر میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لے کر در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیزاس وقت مسائل کی دلدل میں دھنستاچلا جارہاہے۔لوگوں کوکوئی ریلیف میسر نہیں۔

بہت بڑی تعداد میں پڑھے لکھے نوجوان حالات سے دلبرداشتہ ہوکر حصول روزگار کی تلاش میں بیرون ملک کا رخ کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی برین کو ڈرین ہونے سے بچایا جائے۔آج کا نوجوان ہی مستقبل کا بہترین ہنرمند،کھلاڑی،سیاستدان اور حکمران ہوگا۔ہمیں نئے اور ایماندار لوگوں کو آگے لانا ہوگا۔پاکستان کی موجودہ سیاست میں اچھی تبدیلی تب ہی آسکتی ہے جب نوجوان آگے بڑھ کر ملکی مسائل حل کرنے میں اپنا کرداراداکریں گے۔انہوں نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں کی عاقبت نااندیش پالیسیوں کی بدولت نوجوانوں کو ترقی کے نئے مواقع میسر نہیں آئے،جس کی وجہ سے ان میں مایوسی بڑھی۔تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے فوری اقدامات کرے۔ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ جس بھی قوم نے ترقی کی اس نے سب سے پہلے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1