کیا عدالتی حکم پر عمل درآمد کیلئے محکمے کے پاس کوئی طاقت نہیں؟ ہائیکورٹ
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ میں نجی سکولوں کی جانب سے اضافی فیسوں کی وصولی کے خلاف دائر درخواست پرعدالتی حکم نظرانداز کرنے پرسیکرٹری سکولز ایجوکیشن کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کردئیے ہیں۔جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت شروع کی تو محکمہ سکولز ایجوکیشن کے قانونی مشیر نے نجی سکولوں کے آڈٹ سے متعلق رپورٹ پیش کی، جس میں کہا گیاہے کہ عدالتی حکم پرنجی سکول انتظامیہ نے آڈٹ کے لئے جانے والی ٹیم کو بھگا دیا، جس پر عدالت نے کہا کہ گھما کر بات نہ کریں سیدھی طرح بتائیں،عدالتی حکم پر عمل نہیں کیاگیا، کیاعدالتی حکم پرعمل درآمد کے لئے محکمے کے پاس کوئی طاقت نہیں؟فیسوں میں اضافے سے متعلق سپریم کورٹ کا حکم بڑا واضح ہے، ہم عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرانا جانتے ہیں، عدالت نے احکامات نظرانداز کرنے پر سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے مزیدسماعت 14اکتوبر تک ملتوی کردی۔