المصطفےٰ ویلفیئر ٹرسٹ کشمیر میں ادویات اور خوراک کی فراہمی کیلئے کوشاں

  المصطفےٰ ویلفیئر ٹرسٹ کشمیر میں ادویات اور خوراک کی فراہمی کیلئے کوشاں

  



لاہور(پ ر)المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل برطانیہ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری بچوں کے لئے ریلیف مشن شروع کرنے کے لئے اسلام آباد میں مقیم تمام ممالک کے سفیروں کو خصوصی خط ارسال کیا ہے۔ اس خط میں کہا گیا ہے کہ المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ تاریخ کے طویل ترین کرفیو سے متاثرہ لاکھوں کشمیری بچوں کی جانیں بچانے کے لئے“ سیو آور چلڈرنز ان کشمیر“ مہم چلا رہی ہے۔ اس مہم کے سلسلہ میں کشمیری بچوں کے لئے اشیائے خورد و نوش اور ادویات پر مشتمل 100 ٹرکوں کا کاروان 26 اکتوبر کو صبح 9 بجے مظفرآباد سے براستہ چکوٹھی سری نگر بھیجا جائے گا۔ المصطفے سیاست سے بالاتر ہو کر صرف انسانی بنیادوں پر موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا کشمیری بچوں کی زندگیاں بچانا چاہتی ہے۔ خط میں سفیروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مظفرآباد سے کشمیری بچوں کے لئے ادویات اور سامان کی سری نگر ترسیل ممکن بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور اپنے اپنے ملکوں کے ذریعے بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ 26 اکتوبر کو چکوٹھی کے بارڈر پر سامان وصول کر کے سری نگر پہنچانے کا بندوبست کرے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں خوراک کی شدید ترین قلت اور ادویات نایاب ہو جانے کی وجہ سے لاکھوں کشمیری بچوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہیں۔ کشمیری بچوں کو موت کے گھاٹ اترنے سے بچانا پوری دنیا کا اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں خوراک اور ادویات کی ترسیل نہ ہوئی تو بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے اس لئے تمام ممالک کے سفیر“ المصطفے“ کی سیو آور چلڈرنز ان کشمیر مہم میں تعاون کریں اور بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ریلیف مشن شروع کرنے کی اجازت دینے پر آمادہ کریں۔ وقت آ گیا ہے کہ کنٹرول لائن کو ریلیف لائن میں تبدیل کیا جائے۔ المصطفے کے خط میں سفیروں کو 26 اکتوبر کے“ سیو کشمیری چلڈرن ریلیف کاروان“ میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی ہے۔ اس کاروان میں برطانیہ اور پاکستان کے ممبران پارلیمنٹ، اخبارات کے مدیر، دانشور، شاعر، ادیب، کالم نگار، وزراء ، سول سوسائیٹی کی اہم شخصیات، ریٹائرڈ ججز، سابق فوجی افسران، انٹرنیشنل میڈیا کے نمائندے اور کاروباری شخصیات شریک ہوں گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...