ایف پی سی سی آئی الیکشن‘مخالفین مسلسل چھٹی ناکامی کیلئے تیار رہیں‘ایس ایم منیر

ایف پی سی سی آئی الیکشن‘مخالفین مسلسل چھٹی ناکامی کیلئے تیار رہیں‘ایس ایم ...

  



لاہور (این این آئی)یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے ہردلعزیز رہنما ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ یو بی جی کی قیادت میں ملک بھر کاروباری برادری کو متحد کیا اوربزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے پانچ سال قبل فیڈریشن چیمبر آف کامرس میں لوٹ مار کرنے والوں کو اپنے ووٹوں کی طاقت سے نکال باہر کیا مگر نکالے جانے والے چندعناصر ہر سال الیکشن کے وقت نکل کرمصنوعی آنسوؤں کا سہارا لے کر کاروباری برادری کوبہکانے کی ناکام کوشیں کررہے ہیں لیکن انہیں فیڈریشن الیکشن میں مسلسل ناکامیوں کا سامنا ہے اور اس سال بھی یہ عناصربزنس مین پینل کے نام پر مسلسل چھٹی شکست کیلئے تیار رہیں۔

انہوں نے گزشتہ روز بزنس کمیونٹی کے عشائیہ میں گفتگو کے دوران کہی۔ایس ایم منیر نے کہا کہ پہلے دن سے ہی ہمارا مشن ہے کہ ایف پی سی سی آئی کو مضبوط ہونا چاہیئے تاکہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی آواز موثر انداز میں بلند ہوسکے اور گزشتہ پانچ سال میں ہم اپنے اس مقصد میں کامیاب رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن میں برائے نام اپوزیشن اقتدار کے حصول کیلئے بے چین ہے اور ہم نے جدوجہد کے بعد ایک بار پھر ایف پی سی سی آئی کو پیروں پر کھڑا کیا ہے اسے دوبارہ مفلوج کرنے کے درپہ ہے لیکن انکا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ ایس ایم منیر نے کہاہے کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کا پیاراور ا عتماد ہی میرا سرمایہ ہے، میں بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کرتا رہوں گا،یو بی جی ایک چٹان کی مانند ہے جسے گرانے کی خواہش رکھنے والے اب خواب دیکھنا بند کردیں،پانچ سال پہلے ایف پی سی سی آئی ایک سومنات کا مندر تھا جسے ہم نے پاش پاش کردیا اور اب وہاں بہترین عہدیدار منتخب ہوکر بزنس کمیونٹی کے مسئلے حل کرارہے ہیں جبکہ ماضی میں ان مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی تھی۔انہوں نے کہا کہ یو بی جی سے منتخب ایف پی سی سی آئی کے صدور میاں محمدادریس،عبدالرؤف عالم،زبیرطفیل،غضنفربلور اورانجنیئرداروخان نے اپنی اپنی ٹیم کے ہمراہ فیڈریشن چیمبر کا وقار بلند کرنے کیلئے ذمہ داری کے ساتھ کام کیا اور ہمارے چھٹے صدارتی امیدوار ڈاکٹر نعمان بٹ بھی بھاری اکثریت سے منتخب ہوکربے مثال کامیابی حاصل کریں گے۔

مزید : کامرس


loading...