سٹی ٹریفک پولیس کو پیمرا کی جانب سے ایف ایم کا لائسنس جاری

سٹی ٹریفک پولیس کو پیمرا کی جانب سے ایف ایم کا لائسنس جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(کرائمز رپورٹر) کپیٹل سٹی ٹریفک پولیس کو پیمرا کی جانب سے خصوصی ایف ایم ریڈیو کا لائسنس جاری کر دیا گیا، ٹریفک پولیس ایف ایم ریڈیو کے ذریعے عوام کو شہر میں ٹریفک کی صورتحال سے آگاہ رکھیں گے، اس ضمن میں سی سی پی او کریم خان نے واضح کیا کہ لائسنس کے اجراء سے شہریوں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور و آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ شہر اور اطراف میں ٹریفک کی صورتحال سے بروقت آگاہ کریں گے جس سے عوام ٹریفک جام کے جھنجھٹ سے چھٹکارا پا سکے گے، انہوں نے مزید کہا کہ ریڈیو ذرائع ابلاغ کا سستا ترین ذریعہ ہے جس کے ذریعے عوام کو نہایت قلیل مدت میں مصدقہ خبریں اور اطلاعات پہنچائی جاتی ہیں، سی سی پی او نے ایف ایم لائسنس کے اجراء کو سنگ میل قرار دیتے ہوئے عوام کی سہولت کے لئے خوش آئند قرار دیااس سے قبل ایس ایس پی ٹریفک کاشف ذوالفقار نے پیمرا ہیڈ آفس اسلام آباد میں چیئرمین پیمرا مرزا سلیم بیگ سے ایف ایم ریڈیو لائسنس وصول کیا، اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک نے واضح کیا کہ ٹریفک پولیس پشاور اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور و آگاہی کی خاطر تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے تاہم ایف ایم لائسنس کی بدولت ٹریفک پولیس زیادہ موثر طریقے سے خدمات سر انجام دے گی جس سے ٹریفک مسائل کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی یاد رہے کہ ایف ریڈیو خیبر پختونخوا پولیس کو پہلی مرتبہ ایشو کیا گیا ہے جس سے نہ صرف عوام کو ٹریفک کے بارے میں بروقت آگاہ کیا جا سکے گا بلکہ شہری بھی براہ راست شہر میں ٹریفک مسائل کی نشاندھی کر سکیں گے