بلدیاتی الیکشن ہوتے دکھائی نہیں دے رہے، مجیب الرحمن شامی
چیچہ وطنی(نامہ نگار،نمائندہ خصوصی)ملک انتہائی نا مساعد حالات سے گزر رہا ہے،موجودہ صورتحال میں میں ملکی یکجہتی اشد ضروری ہے، بھارت کشمیریوں کے حقوق کو پامال کرتے ہوئے پوری دنیا کو خاطر میں نہیں لا رہا،بظاہر کسی دھرنے یا مارچ سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،وزیر اعظم کی ٹیم میں ناتجربہ کار افراد کی اکثریت ہے، جو ہر وقت معاملات کو سلجھانے کی بجائے الجھانے پر کمر بستہ ہیں، بلدیاتی الیکشن ہوتے دکھائی نہیں دے رہے۔ ان خیالات کا اظہار ملک کے نامور سیاسی تجزیہ نگار اور اینکر پرسن چیف ایڈیٹر روز نامہ پاکستان مجیب الرحمن شامی نے معروف صنعتکار بابا جاوید اقبال گل کی رہائش گاہ میں ان کے داماد مفتی عمران کی وفات پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایس ای وی پی (ر) نیشنل بینک شہزاد اختر شامی، سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ساہیوال چوہدری محمد حسین زاہد، جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنما مفتی محمد عثمان، مسلم لیگ ن کے ضلعی نائب صدر حاجی محمد ایوب، چیئرمین چیچہ وطنی پریس کلب چوہدری فیاض حسن کمبوہ، جنرل سیکرٹری ملک اسد عباس،سابق سرپرست رانا عبداللطیف، نیشنل بینک منیجر چوہدری زاہد مجید ساہی، مسلم لیگ ن کے رہنما حاجی صفدر منیر بھٹی، سابق سینئر نائب صدر پریس کلب حافظ محمد فہیم جاوید، چوہدری منیر احمد گریوال،ملک جاوید اقبال سمیت معززین شہر کی کثیر تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے، بالخصوص تاجر برادری میں ٹیکسز کے نظام کے حوالے سے پائی جانے والی بے چینی کو ختم کرتے ہوئے انہیں اعتماد میں لے۔ایک ہی دن مولانا فضل الرحمن کا دھرنا اور تاجر برادری کی ہڑتال حکومت کیلئے مسائل پیدا کر سکتی ہے، انہوں نے چیچہ وطنی کی مقامی صحافت کے حوالے سے کہا کہ اگرچہ چیچہ وطنی ایک چھوٹا سا شہر ہے مگر صحافتی حوالے سے ایک متحرک، توانا اور مثبت کردار ادا کر رہا ہے جس کیلئے چیچہ وطنی پریس کلب کے تمام عہدیداران اور ممبران مبارک باد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے جنرل سیکرٹری چیچہ وطنی پریس کلب ملک اسد عباس کی دعوت پر نومبر کے پہلے ہفتے چیچہ وطنی پریس کلب کا دورہ کرنے کا وعدہ بھی کیا، بعد ازاں انہوں نے چیئرمین چیچہ وطنی پریس کلب چوہدری فیاض حسن کمبوہ کے والد محترم سابق ناظم چوہدری ارشاد احمد کمبوہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے معغفرت بھی کی۔
مجیب الرحمن شامی