اسلام امن وسلامتی کا درس دیتا ہے،کمشنرڈیرہ
پشاور(سٹاف رپورٹر)کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے کہا ہے کہ اسلام ہمیں امن وسلامتی کا درس دیتا ہے اور اسلام دنیا میں امن کا سب سے بڑا داعی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امن اور سلامتی ہر مسلمان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج سرکٹ ہاؤس میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ امن جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر شمریز، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر، ڈپٹی کمشنر ٹانک فہد وزیر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ دلاور بنگش کے علاوہ اہل سنت و اہل تشیع کے قائدین، عمائدین، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان جیسے حساس علاقے میں محر م الحرام کے پرامن انعقاد اور مثالی بھائی چارے کا تمام تر سہرا دونوں مکاتب فکر کے قائدین بالخصوص اور ڈیرہ کی عوام بالعموم کے سر ہے کیونکہ ان کے تعاون کے بغیر نہ تو انتظامیہ اور نہ ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اس قابل ہوتے کہ عاشورہ محرم کا اتنا احسن انعقاد ہو پاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ دائمی امن کے قیام کیلئے اسی جوش و جذبے کو نہ صرف قائم رکھا جائے بلکہ اسے مستقل اور دیرپا امن کی بنیاد بنانے کیلئے مزید محنت کی جائے کیونکہ باہمی بھائی چارہ اور امن و امان کا قیام نہ صرف ہمارا مذہبی فریضہ ہے بلکہ ہماری خوشحالی اور ترقی کا زینہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے اجتماعات جہاں پر انتظامیہ کے ساتھ ساتھ تمام سٹیک ہولڈرز یکجا ہوں نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ مسائل وہاں پیدا ہوتے ہیں جہاں انتظامیہ اور مختلف مکاتب فکر یا مختلف طبقوں کے درمیان خلیج پیدا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپس کے تعلقات کو مزید خوشگوار بنانے کیلئے اس قسم کے اجلاسوں کے مسلسل انعقاد کو یقینی بنایا جائیگا تاکہ تمام مسائل باہمی مشاورت سے حل کیے جا سکیں۔جرگے سے خطاب کے دوران مختلف مکاتب فکر کے عمائدین اور تاجر رہنماؤں نے شہر میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ، پاک فوج اور پولیس سمیت تمام اداروں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے اس کا سہرا ڈپٹی کمشنر کے سر باندھا جن کی شبانہ روز کوششوں اور انتھک محنت کی وجہ سے تمام سرکاری ادارے نہ صرف اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دیتے رہے بلکہ اس سے بڑھ کر تمام آپریشن ایک مشنری جذبے کے تحت مکمل کیا گیا۔ اجتماع کے اختتام پر قاری خلیل احمد صاحب نے ملک کی سلامتی، بقاء، ڈیرہ اسماعیل خان کے امن اور ترقی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے دعا کروائی۔