کراچی کی صفائی ستھرائی کے ساتھ گرین بیلٹ بحال کریں گے: امتیاز احمد شیخ

کراچی کی صفائی ستھرائی کے ساتھ گرین بیلٹ بحال کریں گے: امتیاز احمد شیخ

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے کراچی کے ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سندھ حکومت کی جانب سے جاری صفائی مہم کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کورنگی شہریار میمن اور ضلع کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر نے کورنگی کے مختلف علاقوں جن میں بلال کالونی،مرتضی چوک،محمد علی گوٹھ،گلزار کالونی، کورنگی نمبر تین چار،پانچ اور متصل علاقوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر موجود عوام سے انہوں نے مسائل سنے اور کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں کچرے کی صفائی کے لئے پر عزم ہے اور صفائی کے ساتھ ساتھ کراچی کے کھیل کے میدانوں،پارکوں اور گرین بیلٹ کو بھی بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر کچرے اور نالوں کی صفائی کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کی ذمہ داری ہے تاہم سندھ حکومت نے کراچی کی بہتری اور اس کی رونقوں کی بحالی کے لئے کچرے کی صفائی کی مہم شروع کی ہے اور اس میں کے ایم سی اور ڈی ایم سیز بھی سندھ حکومت کے ساتھ تعاون کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات پر وزراخود علاقوں کا دورہ کرکے صفائی مہم کی نگرانی کر رہے ہیں اور سندھ حکومت اس کام کو مکمل کر ے گی۔انہوں نے کہا کہ صفائی مہم میں عوام بھی معاونت کررہے ہیں اور پولی تھین بیگز کو استعمال نہ کرکے ماحول دوست اقدامات میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہر مثبت مہم کو نہ صرف سراہتے ہیں بلکہ مکمل تعاون کرتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں میں جاری نالوں اور کچرے کی صفائی کا بھی جائزہ لیا اور صفائی پر مامور عملے اور افسران کو ضروری ہدایات دیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر