پیپلزپارٹی کے رہنما تاج حیدر کے گھر 3 ماہ میں تیسری چوری
کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر کے گھر ایک بار پھر چوری کی واردات ہوگئی، ان کے گھر لگاتار 3 ماہ میں چوری کی یہ تیسری واردات ہے، حیران کن طور پر تینوں بار چوری کی یہ واردات 9 تاریخ کو ہی ہوئی۔پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر نے بتایا کہ جب وہ پارٹی کے اجلاس سے واپس آئے تو گھر کا تالا کٹا ہوا تھا اور گھر کے اندر سامان بکھرا ہوا تھا۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 2 وارداتیں بھی 9 تاریخ کو ہوئی تھیں اور اس بار بھی یہ تیسری واردات 9 تاریخ کو ہی ہوئی ہے۔تاج حیدر نے بتایا کہ ملزمان گھر کے تالے کاٹ کر گھر میں داخل ہوئے، پارٹی اجلاس سے واپس آیا تو پورا گھر بکھرا پڑا تھا،گھرمیں کوئی خاص چیز موجود نہیں تھی چور کپڑے پھیلا کر چلے گئے۔ تیسری بار پولیس کو اطلاع دی گئی ہے پر پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکی۔پی پی رہنما کے گھر چوری کے واقعے کا مقدمہ تھانہ گزری میں درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ میں اوراہلیہ صبح 9بجے گھر کو تالا لگا کر نکلے تھے، رات 11بجے اہلیہ کے ہمراہ گھر پہنچا تو کنڈی ٹوٹی اور سامان بکھرا پڑا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان تاج حیدر کے گھر سے کوئی قیمتی چیز لے کر نہیں گئے، واقعے کے وقت گھر میں کوئی نہیں تھا جبکہ تاج حیدر کی اہلیہ بھی اپنی والدہ کے گھر میں تھیں۔