کلین کراچی مہم سے کراچی کے عوام مطمئن ہیں، مرتضی بلوچ

    کلین کراچی مہم سے کراچی کے عوام مطمئن ہیں، مرتضی بلوچ

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں غلام مرتضی بلوچ نے کہا ہے کہ کلین کراچی مہم کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں اور اس مہم سے کراچی کے عوام بہت مطمئن ہیں۔یہ بات انہوں نے جمعرات کے دن کلین کراچی مہم کے تحت ملیر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر صوبائی وزیر کے ساتھ ڈی سی ملیر عبدالحلیم جاگیرانی بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر غلام مرتضی بلوچ نے ڈی ایم سی ملیر کی 10 یونین کاؤنسلز میں صفائی ستھرائی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ صوبائی وزیر مرتضء بلوچ نے یوسی ون میں سڑک کنارے پڑے ہوئے کچرے کے ڈھیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور اسے فوری اٹھانے کے احکامات دیئے۔ صوبائی وزیر نے مجید کالونی، مظفر آباد، شیرپا کالونی، حسینی چورنگی، مہران ھائی وے، ماروی گوٹھ، ملیر بکرا پیڑی، غریب آباد میں صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر غلام مرتضی بلوچ نے ریڈیو پاکستان قذافی ٹاؤن کے کچرے کو فوری ٹھکانے لگانی کی بھی ہدایت کی۔ دورے کے موقع پر ماروی گوٹھ ملیر ندی کے ساتھ کچرے کو صاف کر کے فیملی پارک بنانے کے لئے ایم این اے سید آغا رفیع اللہ نے صوبائی وزیر کو تجویز پیش کی۔ اس پر صوبائی وزیر نے ڈی سی ملیر کو تجویز کردہ جگہ کو پارک کے لئے مختص کرنے اور پارک تعمیر کرانے کے لئے اقدام کرنے کی ہدایت کردی۔ صوبائی وزیر نے یوسی غریب آباد میں جلد صفائی،کچرے کی منتقلی اور سیوریج کی درستگی کو یقینی بنانے کے بھی احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کھوکھراپار وریوجوکیو گوٹھ تھدو نالے کے اوپر موجود کچرے کو فوری ٹھکانے لگانے کی بھی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں غلام مرتضی بلوچ نے کہا کہ وزیر اعلء سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر کلین کراچی مہم سے اچھے نتائج نکل رہیں ہیں اور جلد ہی کراچی ایک خوبصورت منظر پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملیر میں چائینیز کمپنی کے عدم تعاون کے باوجود ڈسٹرکٹ انتظامیہ بلدیاتی اداروں کے ساتھ مل کر بہتر کام کر رہی ہے اور ہم ہر حال میں عوام کی خدمت کریں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر