میرین گروپ نے ٹرین کے ذریعے ملٹی ٹرانسپورٹ سروس کا آغاز کردیا
کراچی (اکنامک رپورٹر) انٹرنیشنل شپنگ کارگو گروپ سی ایم اے،سی جی ایم اور میرین گروپ آف کمپنیز نے درآمدی اور برآمدی کارگو کے لیے ٹرین کے ذریعے ملٹی ٹرانسپورٹ سروس کا آغاز کردیا ہے۔اس سروس کا مقصد پورٹ پر جگہ کی تنگی اور گھرکے دروازے تک ذرائع نقل و حمل کی فراہمی میں مددکرنا ہے۔اس حوالے سے فیتہ کاٹنے کی تقریب وزیر مینشن ریلوے اسٹیشن پر منعقد کی گئی جہاں دونوں گروپوں کے درمیان پارٹنر شپ کی بنیاد رکھی گئی۔اس تقریب میں دونوں تنظیموں کی سینئر مینجمنٹ اور ریلوے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔مینجنگ ڈائریکٹر میرین گروپ عاصم صدیقی اور ریجنل ڈائریکٹر مڈل ایسٹ اینڈ انڈین سب کانٹیننٹ آف سی ایم اے،سی جی ایم گروپ رومین وجنیاکس نے پاکستان ریلویز کے ذریعے کارگو کی ترسیل پر رضامندی کا اظہار کیا تھا۔دونوں گروپوں نے لوڈنگ اور ان لوڈنگ ریلوے اسٹیشنز پر درخت لگانے پر اتفاق کیا تاکہ ملک کے ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملے۔