چین نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ بیجنگ کو کامیاب ترین قرار دیدیا

    چین نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ بیجنگ کو کامیاب ترین قرار دیدیا

  



بیجنگ(آئی این پی)چین نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ بیجنگ کو کامیاب ترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے عمران خان کے دورے کے ثمر آور نتائج برآمد ہوئے ہیں،انکے دورے سے چین پاکستان سدا بہارسٹریٹجک پارٹنر شپ میں ایک نئی قوت کا اضافہ ہوگا، مسئلہ کشمیر پر چین کا مؤقف مستقل اور واضح ہے۔جمعرات کو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے باقاعدہ پریس بریفنگ کے دوران عمران خان کے دور ے کے اختتام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا چین وزیراعظم عمران خان کے دورہ بیجنگ کو بہت اہمیت دیتا ہے۔صدر شی جن پنگ،وزیراعظم لی کیا چیانگ اور چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس لی جانشو نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کیساتھ ملاقاتیں کیں جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں فریقوں نے قریبی اعلیٰ سطح کے تبادلے اور قریبی اسٹریٹجک رابطوں کو برقرار رکھنے اور اہم امور پر اپنے موقف کو بروقت مربوط کرنے پر اتفاق کیا۔دونوں ممالک نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو اعلیٰ ترجیحی بنیادوں پر فروغ دینے اور اس راہداری کو "بیلٹ اینڈ روڈ" کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے منصوبے کے مطابق شکل دینے پر اتفاق کیا۔دونوں ملکوں نے انفراسٹرکچر، معیشت، تجارت، مالیات، اور پیداواری صلاحیت میں تعاون کو مضبوط بنا نے، چین پاکستان تجارت کومزید فروغ دینے، باہمی فائدے اور مشترکہ ترقی کو حاصل کرنے کیلئے موثر اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔ترجمان نے کہادونوں فریقوں نے مشترکہ طور پر علاقائی امن و استحکام کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ اور ایس سی او جیسے کثیرالجہتی میکانزم میں روابط اور تعاون کو مستحکم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔دورے کے دوران دونوں فریقوں نے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، قانون نافذ کرنیوالے اداروں، ثقافت، تعلیم، اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کے متعدد دستاویزات پر دستخط کیے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے صدر شی جن پنگ کی آئندہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دورا ن مسئلہ کشمیر کو اٹھانے سے متعلق سوال کے جواب میں کہامسئلہ کشمیر پر چین کا مؤقف مستقل اور واضح ہے۔سنکیانگ کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا سنکیانگ میں موجودہ سیاسی استحکام، معاشی ترقی، قومی اتحاد اور معاشرتی ہم آہنگی کی صورتحال بہتر ہے۔

چین

مزید : صفحہ اول


loading...