بیک ڈور چینل مسترد،آخری دم تک لڑیں گے، نواز شریف 

      بیک ڈور چینل مسترد،آخری دم تک لڑیں گے، نواز شریف 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی)مسلم لیگ (ن) کے قائد اورسابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بیک ڈور چینل مستردکرتے ہیں،آخری دم تک لڑیں گے، سابق وزیراعظم کا جیل سے یہ پیغام ان کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے لاہور ہائی کورٹ بار میں ہونے والے مسلم لیگ (ن) لائیرز فورم کے سمینار میں دیا۔اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پیغام دیاہے کہ اب فیصلہ کرنا ہے کہ منتخب افراد فیصلے کریں گے یا غیر منتخب افراد فیصلے کریں گے۔مسلم لیگ(ن) کے راہنما احسن اقبال نے وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی حالات کے ہیش نظر میثاق جمہوریت دوم کی ضرورت ہے، عمران خان سے نجات کے لئے میثاق جمہوریت دو اعشاریہ صفر لایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر معیشت درست نہ ہو تو ایٹمی ہتھیار بھی اسے بہتر نہیں کرسکتے،مسئلہ کشمیر کا حل اس اناڑی خان کے ہاتھوں ممکن نہیں، احسن اقبال نے مزیدکہا کہ عمران خان نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں،ان کا نفسیات دان سے معائنہ ضروری ہے،عمران خان نفرت کی بات کررہے ہیں اس طرح قومی یکجہتی نہیں پنپ سکتی،عمران خان نے ملک پر فسطائیت نافذ کررکھی ہے،اب نئے میثاق جمہوریت ٹوپوائنٹ صفرکی ضرورت ہے، ایک خیراتی ادارے کے لنگر خانے کا افتتاح کر کے ریاست مدینہ کی بنیاد رکھنے کے دعوے کئے جارہے ہیں،عمران خان یہ کام بھی ڈھنگ سے نہیں کرسکے،انہوں نے پرائے دستر خوان پر اپنے نام کی تختی لگالی ہے،خطرہ ہے بیل آوٹ پیکج کے لئے حکومت ایٹمی یامیزائل پروگرام فریز نہ کردے، ان خطرات کے پیش نظر حکومت سے نجات ضروری ہے،نوازشریف ملک کا مقدمہ لڑ رہے ہیں،نوازشریف اپنا فرض اور قوم کا قرض اتار رہے ہیں،احسن اقبال نے کہا کہ ایک سالہ دور حکومت میں معیشت کا خسارہ 9فیصدتک پہنچ چکا ہے،اسی عرصے میں دس لاکھ افراد بے روزگار ہوکرمعیشت کی زبوں حالی کی نذرہوئے،تحریک انصاف کی ایک سالہ حکومت میں ساڑھے تین فیصد گراوٹ ہوئی جو ورلڈ ریکارڈ ہے۔وقت آگیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر سوچنا ہے کہ ملک کو کیسے چلانا ہے، احسن اقبال نے افسوس کا اظہارکیا کہ وزیر اعظم نے چین جاکر ملک میں کرپشن کی بات کی،ہم سے زیادہ کرپشن زدہ ممالک ہیں مگر ان کے سربراہ ایسا نہیں بولتے،اس سے ملک کی بدنامی ہوتی ہے،احسن اقبال کے مطابق وزیر اعظم تشدد کی فضا کو آگے بڑھا سکتے ہیں،ملک کو نہیں،حکومت کی نالائقی کی وجہ سے بھارت نے کشمیر پر وہ قدم اٹھایاہے جو وہ 72 برسوں میں نا اٹھا سکا، انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)کے راہنما رانا ثناللہ کے خلاف جھوٹے منشیات کیس کا آرمی چیف کو نوٹس لینا چاہیے۔اعظم نذیر تارڑ نے نواز شریف کا پیغام پہنچانے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ ایسی کسی آئینی ترمیم کی حمایت نہیں کی جاسکتی جس سے عدلیہ اوراس کی آزادی پر حرف آئے۔ان کا کہنا تھا کہ وکلاء ججوں کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویزکی مذمت کرتے ہیں۔
نواز شریف

مزید :

صفحہ اول -