ڈاکٹرز کی ہڑتال مقدس پیشہ کے منافی اقدام مسائل کا افہام و تفہیم سے حل ممکن ہے: عثمان بزدار

ڈاکٹرز کی ہڑتال مقدس پیشہ کے منافی اقدام مسائل کا افہام و تفہیم سے حل ممکن ...

  



لاہور(این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہڑتال یا احتجاج ڈاکٹرز کے نوبل پروفیشن کے منافی ہے، مطالبات منوانے کیلئے کام نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا جبکہ ایشوز کو مل بیٹھ کر افہام و تفہیم کے ساتھ طے کیا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہی ڈاکٹرز کومنفرد اور امتیازی حیثیت دیتی ہے جبکہ ہسپتالوں میں آئے مریض علاج معالجے کیلئے ڈاکٹرز کی جانب دیکھتے ہیں اور اگر ڈاکٹرز ہڑتال پر ہوں گے تو مریضوں کا کون چیک اپ کرے گا۔ انہو ں نے کہا کہ دکھی انسانیت کو بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم دینا ہمارا مشن ہے جبکہ ڈاکٹرز کو بھی حقیقی مسیحا کا کردار ادا کرنا ہے اور ڈاکٹرز جتنی زیادہ دکھی انسانیت کی خدمت کریں گے انہیں اتنی ہی دعائیں ملیں گی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے گزشتہ روزچکوال میں دھارابی جھیل کا اچانک دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے دھارابی جھیل کا معائنہ کیا اورسیاحت کے فروغ کیلئے سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے اس موقع پر کہا کہ چکوال میں دھارابی جھیل کو سیاحتی مقام کے طورپرتعمیر کیا جائے گا،دھارابی جھیل کے قریب ریسٹ ہاؤس بنایا جائے گا اوررابطہ سڑکیں بھی بنائیں گے۔چکوال میں سیاحت کے فروغ سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب نے روات کے قریب ڈاڈوچھا ڈیم کا فضائی معائنہ بھی کیا۔وزیراعلیٰ نے محکمہ آبپاشی کے حکام کو ڈیم کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنڈی کے لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی کا وعدہ پورا کریں گے۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان آمد پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے میدان آباد ہونے سے دنیا کو مثبت پیغام گیا ہے اور سیریز کے کامیاب انعقاد نے قوم کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دی ہیں جبکہ شائقین کا جوش وجذبہ اور نظم و ضبط بھی قابل تعریف رہا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میچوں کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے جس پر میں پولیس، انتظامیہ، سول و عسکری اداروں کے حکام اور متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاروں کو مبارکباد دیتا ہوں جبکہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے بھی مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اوربلاشبہ پوری ٹیم شاندار انتظامات پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ 

سردارعثمان بزدار

مزید : صفحہ اول


loading...