سری لنکا کے ہاتھوں عبرت ناک شکست، سرفراز احمد کیخلاف بڑا قدم اٹھا لیا گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رکن ملک ظہیر اقبال کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پاک سری لنکا ٹی 20 کرکٹ سیریز میں پاکستان کے وائٹ واش پر گہرے افسوس اور غصے کا اظہار کرتا ہے۔قرارداد میں کہا گیا کہ سرفراز احمد اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں بری طرح ناکام ہو گئے ہیں اور پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کے اہل نہیں ہیں اس لئے انہیں فوری طور پر کپتانی سے ہٹایا جائے۔
واضح رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم نے لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں تین میچوں پر مشتمل کھیلی گئی ٹی 20 سیریز کے تینوں میچوں میں قومی ٹیم کو شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کیا۔