90 دن میں کرپشن ختم کرنے کے دعوے، لیکن تحریک انصاف کی ایک سال کی حکومت کے دوران کرپشن میں دراصل اضافہ ہوگیا، عالمی ادارے کی رپورٹ نے حکومت کو شرمندہ کردیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف اور عمران خان کے حکومت میں آنے سے پہلے کے وعدوں اور دعوﺅں کو کسی ایک نعرے میں یکجا کریں تو وہ ’کرپشن کا خاتمہ‘ ہو گا۔ عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ حکومت میں آنے کے 90دن کے اندر ملک سے کرپشن کا خاتمہ کر دیں گے مگر ان کی حکومت کے پہلے ایک سال میں کرپشن ختم ہونا تو درکنار، اس میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا ہے اور یہ بات کوئی مفروضہ نہیں بلکہ ورلڈ اکنامک فورم کی سالانہ رپورٹ میں یہ حقیقت افشاءکی گئی ہے۔
ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق ورلڈ اکنامک فورم کی طرف سے جاری کیے گئے رواں سال کے ’گلوبل مسابقتی انڈیکس‘ میں گزشتہ ایک سال میں پاکستان تین درجے مزید نیچے گر گیا ہے۔ اس انڈیکس میں 12ذیلی فہرستیں ہوتی ہیں جن میں ایک کرپشن کے حوالے سے درجہ بندی کی فہرست بھی ہے۔ کرپشن کی اس فہرست میں پاکستان گزشتہ ایک سال میں 2درجے نیچے گرا ہے۔
پچھلے سال کی رپورٹ میں پاکستان کرپشن کے حوالے سے 99ویں نمبر پر تھا او راس سال 101پر پہنچ گیا ہے۔ میڈیا کی آزادی کے حوالے سے بھی پاکستان ریکارڈ تنزلی کا شکار ہوا ہے۔ گزشتہ سال کی رپورٹ میں میڈیا کی آزادی کے حوالے سے پاکستان 112ویں نمبر پر تھا۔ اس سال 116ویں نمبر پر چلا گیا ہے۔ اسی طرح معاشی استحکام کی درجہ بندی میں پاکستان کی ریکارڈ 13پوائنٹ تنزلی ہوئی ہے۔