”پاکستانی ٹیم خوف میں مبتلا تھی اور۔۔۔“ رمیز راجہ پھٹ پڑے، قوم کے دل کی بات کہہ دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے مایہ ناز سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم سری لنکا کیخلاف ٹی 20 سیریز میں خوف کے عالم میں کھیلی اور سیریز میں وائٹ واش قومی ٹیم کی غلطیوں کا نتیجہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق رمیز راجہ نے کہا کہ ”پاکستان کو اپنی غلطیوں کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اگر آپ باﺅلنگ کی بات کریں تو وہ ٹھیک تھی لیکن 140 کا ٹارگٹ حاصل کرنے کیلئے ایک اچھی بیٹنگ لائن کی توقع کرتے ہیں لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ ذہنی طور پر ٹوٹ چکے ہیں اور ان کے دماغ میں ایک رکاوٹ ہے جسے یہ عبور نہیں کر پا رہے، پاکستانی ٹیم نے پوری سیریز ڈر کر کھیلی۔“
انہوں نے کپتان سرفراز احمد کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چوتھے نمبر پر بیٹنگ لالچ کے باعث کی۔ ان کا کہنا تھا ”ہو سکتا ہے کہ ایسا نئی مینجمنٹ اور سلیکشن کے تجربات کی وجہ سے ہو۔ کپتان بجھے بجھے نظر آئے اور ٹیم میں اپنی جگہ بچانے کیلئے انہوں نے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کی اور مجھے اس کی بالکل بھی سمجھ نہیں آئی۔ بڑے ہٹر آگے نہیں بڑھ سکے جبکہ آل راﺅنڈرز بھی کارکردگی نہ دکھا سکے، حارث سہیل کو پہلے دو میچوں میں بھی کھیلنا چاہئے تھا۔“