ویرات کوہلی نے ایک ہی میچ میں ریکارڈز کا انبار لگا دیا، جان کر آپ بھی بے اختیار داد دینے پر مجبور ہو جائیں

ویرات کوہلی نے ایک ہی میچ میں ریکارڈز کا انبار لگا دیا، جان کر آپ بھی بے ...
ویرات کوہلی نے ایک ہی میچ میں ریکارڈز کا انبار لگا دیا، جان کر آپ بھی بے اختیار داد دینے پر مجبور ہو جائیں

  



پونے (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بناکر کئی ریکارڈز اپنے نام کر لئے ہیں۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنائی اور 254 رنز بناکر ناٹ آﺅٹ رہے جبکہ یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی 26 ویں سنچری ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کپتان کے کیریئر کی یہ ساتویں ڈبل سنچری ہے اور یوں وہ سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ ان سے آگے سر ڈان بریڈمین، برائن لارا اور کمار سنگاکارا ہیں جو بالترتیب 12، 11 اور 9 ڈبل سنچریاں بناچکے ہیں۔

اس کے علاوہ ویرات کوہلی ٹیسٹ کرکٹ میں 6,6 ڈبل سنچریاں بنانے والے سچن ٹنڈولکر اور وریندر سہواگ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس کیساتھ ہی انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 7 ہزار رنز کا ہندسہ بھی عبور کیا ہے اور ڈان بریڈ مین کو رنز میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

بریڈمین نے 52 میچز کی 80 اننگز میں 29 سنچریوں اور 15 نصف سنچریوں کی مدد سے 6996 رنز بنائے ہیں جبکہ کوہلی نے 7 ہزار رنز 81 ٹیسٹ میچز کی 138 اننگز میں بنائے۔ ویرات کوہلی نے بریڈمین کا ایک اور ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہے اور بطور کپتان سب سے زیادہ 9 مرتبہ 150 یا اس سے زائد رنز بناچکے ہیں جبکہ ڈان بریڈ مین نے 8 بار 150 یا اس سے زائد رنز بنائے تھے۔

ویرات کوہلی بطور کپتان بھی ٹیسٹ میچز میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے میں آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کے برابر پہنچ چکے ہیں اور دونوں کی 19، 19 سنچریاں ہیں جبکہ اس فہرست میں جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم سمتھ 25 سنچریوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔

مزید : کھیل