حضرت مجدد الف ثانی اور امام احمد رضا نے دو قومی نظریہ کی بنیاد رکھی،قاری زوار
لاہور(نمائندہ خصوصی)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنماء مفکر اسلام علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ حضرت مجدد الف ثانی اور اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان بریلوی نے پاکستان اور دو قومی نظریہ کی بنیاد رکھی۔امام احمد رضا خان بریلوی نے انگریز حکومت اور ہندوسامراج کے خلاف اسلامیانِ ہند کو دوقومی نظریے سے روشناس کروایا۔ انہوں نے برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کی ایسی رہنمائی کی کہ صرف چند سالوں کی جدوجہد کے بعدپاکستان دنیا کے نقشے پر معرض وجود میں آگیا۔امام احمد رضا ایک سچے عاشق رسول اور مسلمانوں کے عظیم محسن تھے۔انہوں نے مسلمانوں کے دلوں میں عشق رسول کا ایسا چراغ روشن کیا جس کی روشنی آج برصغیر پاک و ہند میں بلخصوص اور پوری دنیا میں با لعموم دکھائی دے رہی ہے۔انہو ں نے کہا کہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا کو اللہ تعالیٰ نے علم لدّنی سے نوازا تھا انہوں نے مسلمانوں کے لئے آنے والی مشکلات کو کئی دھائیوں پہلے محسوس کرتے ہوئے مسلمانوں کو ایک علیحدہ سلامی ریاست کے لئے جدوجہد کی راہ دکھائی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کینٹ میں ”ا علیٰ حضرت کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب کی صدارت مولانا حافظ نصیر احمد نورانی نے کی۔ کا نفرنس سے مفتی تصدق حسین،مولانا سلیم اعوان، رشید احمد رضوی،مفتی جمیل رضوی،محمد ارشد مہر،مولانا محمد اعظم، مولانا شبیر فریدی اور دیگر نے بھی خطا ب کیا۔ مقررین نے کہا کہ اعلی حضرت نے مرزا قادیانی اور گستا خان رسول کے خلاف بھر پور علمی وعملی محاسبہ کیا انہوں نے ہزاروں صفحات پر مشتمل فتاوی رضویہ سمیت ہزاروں کتابیں تصنیف فرمائیں جن کے ذریعے بر صغیر کے مسلمانوں کے دلوں میں عظمت اور محبت کے چراغ روشن کیے وہ اسلام کے سچے مبلغ اور گستاخان رسول کے خلاف ننگی تلوار تھے۔