شوگر، بلڈ پریشر سے آنکھوں کے امراض پھیلتے ہیں،الفریدظفر

شوگر، بلڈ پریشر سے آنکھوں کے امراض پھیلتے ہیں،الفریدظفر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(جنرل رپورٹر) شوگر اوربلند فشار خون سے آنکھوں کی خطرناک بیماریاں اورنابینا پن پیدا ہوتا ہے جو ہمارے معاشرے میں بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔آنکھوں کے مختلف امراض پر قابو پانے کے لئے شوگر اور بلڈ پریشر کے ا مراض پر کنٹرول کرنا بے حد ضروری ہے اور صحت مند غذاؤں کے استعمال سے بڑھتے ہوئے امراض چشم پر قابو پایا جا سکتا ہے۔جنرل ہسپتال کے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر اورپروفیسر محمد معین نے کہا کہ کمزور نظر والے افراد لاپرواہی نہ برتیں اور نظر کی کمزوری کے مطابق عینک استعمال کریں تو نہ صرف نظر کمزور ہونے سے بچ سکتی ہے بلکہ آنکھوں کے پٹھے بھی کمزور ہونے سے مسلسل سر درد بھی لاحق نہیں ہو گا۔ 

پرنسپل پی جی ایم آئی نے بتایا کہ موسم سرما میں خاص طور پر فوگ،سموگ اور مالیاتی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے جس میں آشوب چشم، آنکھوں میں جلن اور پیچیدگی پیدا ہوتی ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ گھر سے باہر جانے والے افراد واپسی پر اچھی طرح ہاتھ منہ کو دھوئیں 

  تاکہ آلودگی کے اثرات سے بچ سکیں۔ طبی ماہرین نے اپیل کی کہ 40سال کی عمر میں پہنچنے والے افراد اپنی آنکھوں کا مسلسل معائنہ کر وائیں تاکہ و ہ امراض چشم سے محفوظ رہ سکیں۔80لاکھ پاکستانی بصارت سے مختلف مسائل سے دو چار ہیں۔اس کی بڑی وجہ مناسب آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں افراد بچپن ہی سے آنکھوں کی پیچیدہ بیماریوں کا شکار ہو کر قوت بصارت کھو بیٹھتے ہیں، ان کی آنکھوں میں اندھیرے ضرور ہیں مگر بصیرت ان پر مہربان ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ذیابیطس،بلڈ پریشر،فوگ،سموگ ماحولیاتی آلودگی،کمپیوٹر،موبائل فون اور جدید ٹیکنالوجی میں دن بدن اضافہ ہے۔آج کے ترقی یافتہ دور میں تعلیم کے ساتھ ساتھ تفریح کے بہت سے مواقع اور سہولیات موجود ہیں اور کمپیوٹر گیمز کی وجہ سے بچوں میں یہ اثرات تیزی سے منتقل ہو رہے ہیں جس میں نظر کی کمزوری اور آنکھوں کی پتلیوں کا سکڑنا بھی شامل ہے۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر اور ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ اپتھمالوجی پروفیسرڈاکٹر محمد معین نے کہا ہے کہ آنکھیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ عظیم نعمت ہیں جس سے انسان کائنات کا مشاہدہ کرتا ہے لہذا آنکھوں کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ تمام سہولیات کی دستیابی اپنی جگہ مقدم ہے لیکن اگر انسان بینائی سے محروم ہو جائے تو اُس کیلئے ساری دنیا تاریک ہو جاتی ہے۔اسی طرح بصارت کی پیچیدگی کی وجہ سے زندگی کا لطف اور خوبصورتی و رعنائی کا بھی خاتمہ ہو جاتا ہے جس سے بچنے کیلئے ہر شخص کو اپنی آنکھوں کی حفاظت پر بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ پروفیسر الفرید ظفر اور پروفیسر محمد معین نے مزید کہا کہ اس حوالے سے لاہور جنرل ہسپتال منفرد اعزاز برقرار رکھے ہوئے ہے آنکھوں کی بیماریوں کے علاج معالجے کی تمام سہولیات دستیاب اور ہر قسم کے آپریشن کی آپشن موجود ہے۔اسی طرح غریب اور مستحق مریضوں کا علاج معالجہ بلا معاوضہ کیا جاتاہے۔