ٹک ٹاک کی بندش درست فیصلہ، جنت مرزا، ڈی جے بٹ، پری ڈول، زارا ملک کا حکومت سے فیصلہ پر نظر ثانی کا مطالبہ 

  ٹک ٹاک کی بندش درست فیصلہ، جنت مرزا، ڈی جے بٹ، پری ڈول، زارا ملک کا حکومت سے ...

  

 لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان کی نمبر ون سوشل میڈیا سٹارجنت مرزا نے پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی کی حمایت کرتے کہا ہے میں خود چاہ رہی تھی پاکستان میں اس پر پابندی لگے تاہم یہ پابندی مستقل بنیادوں پر نہیں ہونی چاہیے۔ انکا کہنا تھا ٹک ٹاک سے لوگوں کا روزگار بھی وا بستہ ہے اور نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے لیکن کچھ لوگوں نے اس پر غیر معیاری ویڈیو نشر کیں، فی الوقت یہ پابندی ٹھیک ہے لیکن اس کیلئے ایس او پیز بنائے جائیں جس کے بعد یہ پابندی ہٹالی جائے۔سوشل میڈیا سٹار جنت مرزا نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹک ٹاک کو مانیٹر کرنیوالی ٹیم ہونی چاہیے جو ہر ویڈیو کو پوسٹ ہونے سے قبل دیکھے، معیاری ہونے پر نشر ہونے دے ورنہ روک لے، اس طرح ٹیلنٹ کو فروغ دینے سمیت غلط استعمال کرنیوالوں کی حوصلہ شکنی ہوگی، اگر یہ پابندی مستقل بنیادوں پر لگی رہی تو یہ غلط ہوگا، باقاعدہ ضابطہ اخلاق کے بعد ویڈیوز کو نشر ہونے دینا چاہیے۔پاکستان کے نامورٹک ٹاکر ڈی جے بٹ کا کہنا ہے حکومت نے چند لوگوں کی غلطی کی سزا سب کو دیدی، ٹک ٹاک پر پابندی لگا کر ایک تفریح کا گلا گھونٹ دیا گیا، اس بات میں کوئی شک نہیں کچھ لوگ ٹک ٹاک پر برائی،گالم گلوچ و فحاشی پھیلاکر معاشرے کے بگاڑکی وجہ بن رہے تھے،مگر ان کی سزا سب کو دینا خلاف انصاف ہے۔انہوں نے حکومتی فیصلے کیخلاف عدالت جانے کا عندیہ بھی دیا۔ٹک ٹاکر پری ڈول نے بھی ٹک ٹاک بند کرنے پر شدید اظہار افسوس کیا اور حکومت سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا۔ٹک ٹاکر زارا ملک نے کہا ٹک ٹاک بند کرنے سے برائی ختم نہیں ہوگی۔بہت ساری ایپس پر لوگ فحش ویڈیوز بنا کر اپ لوڈ کررہے ہیں، حکومت کون کون سی ایپ بند کریگی، حکومت سے فحاشی پھیلانے والے اکاؤنٹس کو بند کرے ایپ بند کرنا مسئلہ کا حل نہیں، کیونکہ ٹک ٹاک سے بہت سارے لوگو ں کی روزی روٹی وابستہ ہے،انہیں بھوکا مت مارے۔

ٹک ٹاکرز

مزید :

صفحہ آخر -