ٹک ٹاک پر پابندی حکومت کا درست اقدام، نوجوان نسل بے چین ہے، شہری حلقوں کا ملا جلد ردعمل 

  ٹک ٹاک پر پابندی حکومت کا درست اقدام، نوجوان نسل بے چین ہے، شہری حلقوں کا ...

  

 لاہور(افضل افتخار)حکومت کی جانب سے ٹک ٹاک پر لگائی جانے والی پابندی پر عوام نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا مگر عوام کی اکثریت نے کہا ہے کہ یہ پابندی درست ہے کیونکہ ٹک ٹاک سے نوجوان نسل خاص طور پر بچوں کی تربیت بہت متاثر ہورہی تھی اور اس جانب رحجان کے باعث وہ تعلیمی سرگرمیوں سے دور ہورہے تھے۔ روز نامہ پاکستان کے سروے میں عادل،نبیل،بابر،شکیل، عماد،حاکم علی، حسنین، پرویز، خرم بٹ،ذیشان او ر علی نے کہا کہ ٹک ٹاک پر پابندی لگاکر حکومت نے بہت درست اقدام کیا ہے اس ایپ سے نوجوان نسل کو بہت نقصان ہورہا تھا اور حکومت کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا۔حکومت نے درست فیصلہ کیا ہے ہم اس کی تائید کرتے ہیں۔ عامر حیات،آصف، عاصم،عاکف،سلیم،ندیم،نعیم،متین،حارث،عقیل خان، عادل شرجیل اور مامون نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عائد کی گئی ٹک ٹاک پابندی درست نہیں ہے اس سے وہ لوگ بھی متاثر ہوئے ہیں جو اس کا درست استعمال کرتے تھے اور یہ ایک تفریح تھی جو گھر بیٹھے لطف اندوز ہونے کا بہترین ذریعہ تھا اس پر پابندی درست نہیں ہے حکومت کو اس پر پابندی عائد نہیں کرنی چائیے تھی اس سے نئے ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کاموقع مل رہا تھا یہ نوجوان نسل کے لئے ایک بہت بڑا پلیٹ فارم تھا اس کو جلد از جلد دوبارہ سے کھولنے کے احکامات جاری کئے جائیں کیونکہ اسکی بندش سے نوجوان نسل میں بہت بے چینی پائی جاتی ہے اور اس بے چینی کا خاتمہ ضروری ہے۔ نبیلہ، نبیہ،سحرش،میمونہ،صائمہ،بابرہ،قندیل،شبانہ،آمنہ،زنیرہ،عاتکہ،سندس اور سمیرا نے کہا کہ پابندی کا فیصلہ درست ہے ہم تو اس کے پہلے سے ہی سخت خلاف تھے۔اس سے فحاشی کا خاتمہ ہوگا۔ اس کا درست استعمال نہیں کیا جارہا تھا او ر کوئی چیک اینڈ بیلنس نہ تھا مگر اب خوشی اس بات کی ہے کہ نوجوان نسل اس سے بچ جائے گی جو بہت تیزی سے بگڑ رہی تھی بہت اچھا فیصلہ ہے اور حکومت کے اس فیصلے کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔

شہری حلقے

مزید :

صفحہ آخر -