نواز شریف پاکستان کے''بال ٹھاکرے'' بن چکے ہیں،خرم شیر 

نواز شریف پاکستان کے''بال ٹھاکرے'' بن چکے ہیں،خرم شیر 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان اور گورننگ باڈی کے رکن ارسلان فیصل مرزا نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست کے ''بال ٹھاکرے'' بن چکے ہیں۔مسلم لیگ ن پاکستان مسلم لیگ ن لندن سے علیحدگی کا اعلان کرے۔نواز شریف لندن میں بیٹھ کر معصوم کارکنان کو استعمال کرنا چاہتے ہیں۔شریف خاندان چاہتا ہے کہ تمام ملکی ادارے ان کی چوری کا تحفظ کریں۔استعفیٰ لینے کی باتیں کرنے والے استعفیٰ دینے کے نہج پر پہنچ چکے ہیں۔انصاف ہاوس سے جاری کردہ بیان میں رہنماوں کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ڈکیٹ موومنٹ کے صدر ہر چور کا تحفظ کرنے کے لیے کرائے پر دستیاب ہوتے ہیں۔تین تین باریاں لینے والے ابھی بھی کہتے ہیں ملک کی تقدیر بدلیں گے۔اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف ہر سازش میں ناکام ہونگی۔ نواز شریف خود لندن میں بیٹھ کر اشتعال انگیر تقاریر کر کے اپنے کارکنان کو اکسا رہے ہیں۔ نواز شریف کو تحریک چلانے کا اتنا شوق ہے تو پاکستان آئیں اور کارکنان کی قیادت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بیروزگار سیاستدانوں کا ٹولہ پی ٹی آئی حکومت کے ملکی مفاد میں اٹھائے جانے والے اقدامات دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔اپنی کرپشن کو بچانے اور این آر او لینے کے لئے سارے کرپٹ سیاسی مافیا ایک پیج پر اکھٹے ہو گئے ہیں۔ پوری قوم جانتی ہے کہ اپوزیشن میں موجود سیاستدانوں میں سے کوئی منی لانڈرنگ میں ملوث ہے تو کسی کے پاس آمدن سے زائد اثاثے موجود ہیں۔عوام کسی صورت ان چوروں اور لٹیروں کا ساتھ نہیں دیں گے۔پی ٹی آئی رہنماوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان بغیر کسی دباؤ کے ملک کی ترقی کے لیے محنت کرتے رہیں گے۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر قوم کو مکمل اعتماد ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -