ڈیرہ غازی خان میں 500 ایکڑپرسفاری پارک بنے گا، رفاقت علی
لاہور(فلم رپورٹر،این این آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیاسی معاون سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت نے جنوبی پنجاب میں صحت مند تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے سفاری پارک کے منصوبے کے قیام کا فیصلہ کیاہے اس سلسلہ میں حکومت نے سفاری پارک کے منصوبے کے قیام کی منظوری دے دی ہے ڈیرہ غازی خان میں 500 ایکڑپرسفاری پارک بنے گا۔ڈیرہ غازی خان سفاری پارک میں ایک بڑا اور4 چھوٹے انکلوژر بنائے جائیں گے۔ پارک میں پکنک سپاٹ اور کیفے ٹیریا کے ساتھ دیگر سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ سوئمنگ پول اور چلڈرن پارک بھی بنائے جائیں گے۔حکومت نے سفاری پارک میں شجرکاری ہنگامی بنیادوں پر شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو معیاری تفریح گاہ کی فراہمی کیلئے سفاری پارک کا منصوبہ جلد از جلد آپریشنل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے تفریحی سرگرمیوں کے محدود مواقع ہیں اورماضی میں اس علاقے کو ترقی کے ساتھ تفریحی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی پسماندہ رکھا گیالیکن سفاری پارک کا منصوبہ آپریشنل ہونے سے جنوبی پنجاب کے عوام کو تفریح کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی۔
رفاقت علی