ڈیجیٹل لٹریسی کو بطور مضمون قومی نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ
اسلام آ باد (سٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت نے عوام کو انٹرنیٹ تک رسائی آسان بنانے کیساتھ ڈیجیٹل لٹریسی کو قومی نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔وزیراعظم عمران خان سے فیس بک کی سی او او مس شیرل سین برگ کی ملاقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، حکومت نے نوجوان نسل تک انٹرنیٹ کی باآسانی رسائی یقینی بنانے کا پلان ترتیب دیدیا ہے۔ حکومت نے ڈیجیٹل پاکستان بنانے کیلئے انٹرنیٹ سے متعلق تعلیم عام کرنے اور ڈیجیٹل لٹریسی کو بطور مضمون تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ سال کے آغاز میں ڈیجیٹل لٹر یسی پاکستان کے تعلیمی نصاب کا حصہ ہو گی، وفاقی اور صوبائی وزارت تعلیم باہمی مشاورت سے مزید معاملات طے کریں گی جبکہ قومی نصاب ونگ کو بھی اس ضمن میں اہم ہدف سونپا جائے گا۔ موبائل صارفین کو انٹرنیٹ، فیس بک جیسی ایپ کے استعمال کی تربیت دی جائیگی، فیس بک کم پڑھے لکھے شہریوں کیلئے مقامی زبان میں ایپ متعارف کرا ئے گا۔ فیک نیوز کی نشاندہی کیلئے بھی ڈیجیٹل لٹریسی کی تربیت پروگرام کا حصہ ہو گی اور فیس بک ڈیجیٹل لٹریسی میں پاکستان کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے فیس بک کی پاکستان میں سرما یہ کاری کا خیر مقدم کیا اور کہا اس سے نئی نسل کو روزگار کی فراہمی اور غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
ڈٖیجیٹل لٹریسی