پاکستانی افواج، ایجنسیوں کے فعال کردار کے بغیر عالمی امن ممکن نہیں: فیاض چوہان 

  پاکستانی افواج، ایجنسیوں کے فعال کردار کے بغیر عالمی امن ممکن نہیں: فیاض ...

  

 سرگودھا(بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اقوام عالم نے بھارت کا سفاک چہرہ دیکھ لیاہے۔امریکہ سمیت ترکی‘ سری لنکا‘ افغانستان کے علاوہ دیگر ممالک میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارتی ایجنسی را‘ ان کی آرمی‘آر ایس ایس جیسی دہشت گرد تنظیمیں ہیں جن کا انکشاف امریکن جریدے نے کر دیاہے۔ دنیا جان چکی ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور پاکستانی افواج او رایجنسیوں کے فعال کردار کے بغیر عالمی امن ممکن نہیں۔کشمیر پر شب خون بھارت کی دہشت گرد اور غاصبانہ سوچ کارفرما ہے۔پاکستان عالمی امن کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس سرگودہا میں اپنے دورہ کے دوران پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ بھارت اپنی فلموں اور میڈیا کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کررہاہے اور عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کی بھی کوشش کر رہاہے۔حقیقت میں ہر قسم کی دہشت گردی کے پیچھے بھارت کی چانکیہ اور داعش جیسی تنظیمیں شامل ہیں جب سے بی جے پی اقتدار میں آئی ہے اس نے اپنی دہشت گرد تنظیموں کے ذریعے داعش کے ساتھ مل کر بین الاقوامی امن کو پارہ پارہ کر دیاہے۔حزب اختلاف کے احتجاج کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ تمام مل کر اپنی کرپشن اور لوٹ مار پر این آر او حاصل کرنا چاہتے ہیں جو کسی صورت نہیں دیا جائیگا۔ پرامن احتجاج ان کاحق ہے لیکن توڑ پھوڑ کی اجازت نہیں دی جائیگی او ران سے سختی سے نمٹا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ یہ پارلیمانی سسٹم کے خلاف تحریک چلانے جارہے ہیں اور نواز شریف اپنے آپ کو نیلسن منڈیلا ثابت کرنا چاہتا ہے اور اداروں کے خلاف اس کی ہرزاسرائی صرف اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نے کہاکہ مولانا نواز شریف بھٹوگٹھ جوڑ نے چالیس سال سے ملک کو یرغمال بنا رکھاہے اور ان کے جعلی اکاؤنٹس میں اربوں روپے کی ٹرانزیکشن ثابت ہو چکی ہے۔شہباز شریف کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کے ملازموں کے اکاونٹس سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن سامنے آئی لیکن یہ خود ہمیشہ پائی کی کرپشن کا راگ الاپتارہاہے جو اپنے منہ میاں مٹھو بننے کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ ادارے آزاد ہیں اور ان کی قسمت کا فیصلہ یہی ادارے کریں گے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ سندھ فلورملو ں کو گندم جاری نہیں کر رہا جس کی وجہ سے آٹے کا بحران دیکھاگیاہے جبکہ پنجاب نے 42لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی اور روزانہ ملوں کو 70ہزار ٹن گندم دی جارہی ہے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے ڈائن ڈیوائن ہوٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تاجر ملک کی معیشت کے استحکام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حکومت تاجروں کی فلاح وبہبود کیلئے دستیاب وسائل کو استعمال میں لارہی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت فوری اقدامات نہ اٹھاتی تو آج ڈالر سواتین سو روپے تک پہنچ جاتا۔ صوبائی وزیر نے مزیدکہا کہ کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی اعلیٰ قیادت کی بدولت سے ملک بحرانوں سے بتدریج باہر نکل رہاہے۔ افتتاحی تقریب میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت ڈاکٹر نادیہ عزیز او رمحمد اقبال کے علاوہ چیمبر آف کامرس‘ٹریڈ ایسوسی ایشن‘ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن‘ فلورملز ایسوسی ایشن‘ ٹی وی‘ فلم فنکار انعام خان او رگل شیرافگن نے شرکت کی۔

فیاض الحسن چوہان

مزید :

صفحہ اول -