مہنگائی کیخلاف کل سے ایکشن، وجوہات کا تعین کر رہے ہیں، عمران خان، کامیاب جوان پروگرام میں تیزی لانے کیلئے اسٹیرنگ قائم کرنے کا فیصلہ 

مہنگائی کیخلاف کل سے ایکشن، وجوہات کا تعین کر رہے ہیں، عمران خان، کامیاب ...

  

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے اشیائے خورونوش سستی کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، قیمتوں میں اضافے کی وجوہات کا تعین کر رہے ہیں، آئندہ ہفتے حکمت عملی کے تحت ایکشن لیتے ہوئے قیمتوں کو کم کریں گے۔گزشتہ روز انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تعین کرنا ہے قیمتوں میں اضافے کی وجہ سمگلنگ، ذخیرہ اندونی یا رسد کی کمی ہے، بین الاقوامی سطح پر قیمتوں میں اضافے کے پاکستان پر اثرات کا بھی جائزہ لے ر ہے ہیں۔دریں اثنا ء وزیراعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر موٹروے ریسٹ ایریاز میں اشیاء کی زائد قیمتوں پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ناجائز منافع خوروں کیخلا ف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔وزیر اعظم ڈلیوری یونٹ نے وزارت مواصلات، این ایچ اے اور آئی جی موٹر وے کو مراسلہ جاری کر دیا۔ وزیراعظم آفس نے کہا موٹر و ے ر یسٹ ایریاز پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی ٹیم مختص کی جائیں، ٹیمیں موٹر وے ریسٹ ایریاز پر دن اور رات باقاعدگی سے چھاپے ماریں، ٹیمیں ضلعی انتظامیہ سے ضرور ت پڑنے پر مدد کسی بھی وقت لے سکتی ہیں۔ موٹروے ریسٹ ایریاز پر زائد قیمتوں کیخلاف فوری اور سخت ایکش لیا جائے، موٹر وے ریسٹ ایریاز پر مسافروں اور سیاحوں کی آگاہی کیلئے بینرز آویزاں کیے جائیں، سیٹیزن پورٹل پر شکایات کی آگاہی سے متعلق بھی ریسٹ ایریاز میں اقدامات کیے جائیں۔ متعلقہ حکام کو 21 روز میں ابتدائی رپورٹ جمع کروا نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے اقدامات کی تکمیل سے پہلے اور بعد کی تقابلی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔دوسری طرف  وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کامیاب جوان پروگرام سے متعلق جائزہ اجلاس میں  قرضوں کی بلا تعطل فراہمی اورسکیم کو کامیاب بنانے کے حوالے سے ڈپٹی گورنرسٹیٹ بینک کی زیر صدارت اعلی سطح کی سٹیرنگ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا،جائزہ اجلاس میں معاون خصوصی عثمان ڈار، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، گورنر اسٹیٹ بینک، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، ملک بھر کے بینکوں کے صدور اور سربراہان نے شرکت کی۔ عثمان ڈار نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کی فراہمی پر بریفنگ دی۔  اجلاس فیصلہ کیا گیاکہ کامیاب جوان یوتھ انٹرپرینیورشپ سکیم پر پیش رفت کی رپورٹ وزیرِ اعظم کو باقاعدگی سے پیش کی جائیگی،اجلاس میں کامیاب جوان یوتھ انٹرپرینیورشپ سکیم کے تحت نوجوانوں کو آسان قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔عثمان ڈار نے کہا کامیاب جوان پروگرام کے تحت اب تک چار لاکھ ستر ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن کی بروقت جانچ پڑتال کرکے انتہائی میرٹ پر قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک بھر کے اکیس بنک اس سکیم میں بھرپور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں اور بنکوں کی جانب سے اس سال پندرہ ارب روپے قرضوں کی مد میں فراہم کیے جانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ اجلاس میں بنکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی کے عمل کو آسان بنانے، میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے اور اس سکیم کی ذرائع ابلاغ کے ذریعے تشہیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے پروگرام کی شفافیت اور طریقہ کار پر اظہار اطمینان کیا اور بینکوں کے سربراہان کی پروگرام میں بھرپور شمولیت اور دلچسپی کو سراہا، وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو قرضوں کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہیں، اس اثاثے کی صلاحیتیوں کو استعمال میں لانے کیلئے بینکوں کا تعاون نہایت اہم ہے، نوجوان ملکی معیشت کے فروغ میں بہترین کردار ادا کر سکتے ہیں، تعمیراتی شعبے، صنعتوں کا فروغ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں معاونت حکومت کی ترجیح ہے، حکومت کو اس ضمن میں بینکوں کا بھرپور تعاون درکار ہے، نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے بینکوں کا تعاون قابل تحسین ہے، قرض کی فراہمی کیلئے بینکوں کو سبسڈی کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے، بینکوں کو پیش آنیوالی ہر مشکل کا ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان

مزید :

صفحہ اول -