گوجرانوالہ جلسہ تاریخی ہوگا، حکومت نے گرفتاریاں کیں تو شدید رد عمل دیں گے، رانا تنویر حسین نے دھمکی دے دی
شیخوپورہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی میں چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملک کےحالات جہاں پہنچ گئے نواز شریف خاموش نہیں رہ سکتے تھے، ہم چاہتے ہیں حکومت پانچ سال پورے کرے مگر عوام کا جینا مشکل نہ بنائے،گوجرانوالہ جلسہ تاریخی ہوگا ،حکومت نے گرفتاریاں کیں تو شدید رد عمل دیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےرانا تنویر حسین نے کہا کہ جلیل شرقپوری سمیت پانچ چھ ارکان ڈیڑھ سال سے حکومت سے رابطہ میں تھے ،اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے تاہم انہیں چاہئے تھا کہ پارٹی میں بیٹھ کر موقف بیان کرتے، ان لوگوں کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نوٹس دیدیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے درست کہا ہے کہ بھارت نے ہائبرڈ وار شروع کررکھی ہے،بھارت جانتا ہے پاک فوج دنیا کی سب سے بہترین فوج ہے ،بھارت پاک فوج کی طاقت اور مہارت کئی محاز پر دیکھ چکا ہے، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی تھی اور کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ پر حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام ہے، مودی کے منشور میں شامل تھا کشمیر کس طرح ہڑپ کرنا ہے،عمران خان مودی کے آنے کی دعا کرتے تھے،میاں نواز شریف کی بیماری پر حکومت کی بات کرنا کھسیانی بلی کھمبا نوچے والی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کےحالات جہاں پہنچ گئے نواز شریف خاموش نہیں رہ سکتے تھے، ہم چاہتے ہیں حکومت پانچ سال پورے کرے مگر عوام کا جینا مشکل نہ بنائے،گوجرانوالہ جلسہ تاریخی ہوگا ،حکومت نے گرفتاریاں کیں تو شدید رد عمل دیں گے۔