قوم ڈاکٹر عبد القدیر خان کی ہمیشہ مقروض رہے گی، فنکار برادری
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے ایٹمی سائنسدان کی رحلت پر پاکستانی فنکاروں نے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔ملک کو ایٹمی قوت اور اس کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنانے والے ڈاکٹر عبد القدیر خان آج 85 سال کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ ان کے انتقال پر جہاں پوری قوم افسردہ ہے وہیں فنکار بھی رنجیدہ ہیں۔معروف اداکار عدنان صدیقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ آج ہم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی بدولت ایک ایٹمی طاقت ہیں، اللہ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔اداکارہ صبا قمر نے محسن پاکستان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی پاکستان کے لیے خدمات کا شکریہ ادا کیا۔گلوکار علی ظفر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان محسن پاکستان تھے اور قوم ان کی خدمات کے لیے ہمیشہ مقروض رہے گی۔اداکار عمران عباس نے لکھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمیں ایٹمی طاقت بنانے اور اپنی لازوال خدمات پیش کرنے پر ہم اپنے ہیرو کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اداکار احسن خان نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات نے ہمارا سر فخر سے بلند کیا اور ہمیں مضبوط بنایا، ہم ہمیشہ ان کے احسان مند رہیں گے۔ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا انتہائی اہم کردار تھا۔
فنکار برادری