بیوی کی شکایات سے تنگ آدمی نے ایسا گھر تعمیر کردیا کہ حیرت کی انتہا نہ رہے

سراجیوو(مانیٹرنگ ڈیسک) بوسنیا میں ایک خاتون اپنے شوہر سے اکثر گھر کے بیرونی منظر کے متعلق شکایت کرتی رہتی تھی، جس پر تنگ آ کر شوہر نے اس کے لیے ایسا گھر تعمیر کر دیا کہ سن کر آپ کی حیرت کی انتہاء نہ رہے گی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس 72سالہ عمر رسیدہ شخص کا نام ووکین کوسیک ہے جس کی اہلیہ اکثر شکایت کرتی تھی کہ اسے ہمیشہ گھر کے باہر ایک ہی منظر دیکھنے کو ملتا ہے۔
بیوی کی اس شکایت کو دور کرنے کے لیے ووکین کوسیک نے گھومنے والا گھر تعمیر کر دیا جو گھوم کر ایک پورا چکر کاٹ سکتا ہے اور گھر کے اندر سے چاروں طرف کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ووکین کا یہ عجیب و غریب گھر بوسنیا کے شہر سربیک سے مضافاتی علاقے میں واقع ہے۔ یہ گھر اپنی سست ترین رفتار پر 24گھنٹے میں ایک پورا چکر مکمل کرتا ہے اور تیز ترین رفتار پر صرف 22سیکنڈ میں۔اس گھر کو تعمیر کرنے میں ووکین کو 6سال کا عرصہ لگا۔ اس کے نیچے پہلے لگے ہوئے ہیں جنہیں بجلی کی موٹروں کے ذریعے حرکت دی جاتی ہے اور وہ ایک دائرے میں گھر کو گھماتے ہیں۔ووکین کی بیوی اب اس گھر سے بیک وقت سڑک پر آتے جاتے لوگوں کو بھی دیکھ سکتی ہے اور گھما کر سورج کے طلوع و غروب ہونے کے منظر بھی دیکھ سکتی ہے۔