سابق سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ کی گرفتاری سامنے آنے پر درخواست خارج

Oct 11, 2024 | 11:36 AM

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ محمد اکرم کی گرفتاری سامنے آنے پر درخواست واپس لے لی گئی۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق  لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جج چودھری عبدالعزیز نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔درخواست سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے لاپتہ ہونے کے بعد دائر کی گئی تھی۔

دوسری جانب اینٹی کرپشن شیخوپورہ نے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے خلاف رشوت کا الزام لگا کر گرفتاری ڈال دی ہے، محمد اکرم پر 95 ہزار روپے رشوت کا الزام ہے۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ شیخوپورہ اینٹی کرپشن عدالت سے جسمانی ریمانڈ بھی حاصل ہو چکا ہے۔مقدمہ اور گرفتاری بنیاد پر وکیل صفائی ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے درخواست واپس لی۔

بعدازاں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے باہر وکیل ایمان مزاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پٹیشن دائر کی حبس بے جا کی، محمد اکرم بازیاب ہوچکے ہیں۔

وکیل ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ شیخوپورہ میں محمد اکرم پر کیس لانچ کیا گیا ہے، ہم نے آج پٹیشن واپس لے لی ہے، شیخوپورہ میں وکیل موجود ہیں جو اس کیس کو دیکھ رہے ہیں۔
 

مزیدخبریں