سی سی ڈی کا لاہور میں گوگی بٹ کے گھر پر چھاپہ
لاہور (ویب ڈیسک) سی سی ڈی نے صوبائی دارالحکومت میں گوگی بٹ کے گھر پر چھاپہ مارا ہے تاہم کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں۔
’’دنیانیوز‘‘ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ عقیل عرف گوگی بٹ گھر پر موجود نہیں تھا، جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔پولیس ذرائع کاکہنا ہے کہ وہ چند روز سے انڈر گراؤنڈ اور پہلے ہی ساتھیوں سمیت فرار ہے، وہ امیر بالاج قتل کیس کانامزد ملزم اور عبوری ضمانت پر ہے لیکن کسی اور مقدمے میں گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا۔
ادھر اے آر وائے نیوز کےمطابق ڈیفنس کے علاقے میں چھاپہ مارا گیا، رپورٹر بابر خان نے بتایاکہ ذرائع کہتے ہیں کہ گوگی بٹ کی رحیم یار خان کی لوکیشن بھی پولیس کو مل گئی ہے جس کے بارے میں پولیس کا دعویٰ ہے کہ جب طیفی بٹ کو لاہور منتقلی کے دوران حملہ کرکے چھڑوایا گیا تو گوگی بٹ وہاں موقع پر موجود تھا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا ۔
لاہور:پولیس کاطیفی بٹ کےکزن گوگی بٹ کےگھرچھاپہ#ARYNews pic.twitter.com/ePrDZ0ileD
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) October 11, 2025
ادھر پبلک نیوز کا پولیس ذرائع کے حوالے سے کہنا ہےکہ گوگی بٹ کی گرفتاری کے لیے مزید 2 مقامات پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں، نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے علاوہ گوالمنڈی میں بھی چھاپہ ماراگیا لیکن وہ انڈر گراؤنڈ ہیں، طیفی بٹ کی ہلاکت کے بعد سی سی ڈی پولیس مزید متحرک ہوگئی ہے۔
سی سی ڈی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ موبائل لوکیٹر اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے سہارے گوگی بٹ کو بھی جلد گرفتار کرلیاجائے گا، دوسری طرف امیر بالاج ٹیپو کیس میں پنجاب پولیس کے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) سے مبینہ مقابلے میں مرکزی ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ ہلاک ہوچکا ہے جسے لاہور منتقل کیا جارہا تھا۔
یادرہے کہ چند روز قبل امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں عقیل عرف گوگی بٹ کی درخواست ضمانت میں 13 اکتوبر تک توسیع کردی گئی تھی ۔ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نجف حیدر نے درخواست ضمانت پر سماعت کی تو عقیل عرف گوگی بٹ عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر پیش ہوئے۔خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ کے وکیل لاہور ہائیکورٹ میں مصروف ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے اور معاون وکیل نے وقت دینے کی استدعا کی. عدالت نے باور کرایا کہ آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرلئے جائیں. عقیل عرف گوگی بٹ نے امیر بالاج قتل کے مقدمے میں گرفتاری کے خدشے پر ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا اور ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔
طیفی بٹ کی ہلاکت کے بعد اعلامیہ میں سی سی ڈی نے بتایا تھا کہ سی سی ڈی رحیم یار خان اور مقامی پولیس کی متعدد ٹیمیں اس واقعے میں ملوث حملہ آوروں کی تلاش میں سرگرم ہیں، جنہوں نے 2 پولیس اہلکاروں کو زخمی کیا اور اشتہاری ملزم خواجہ طریف بٹ عرف طیفی بٹ کو ہلاک کردیا۔ترجمان کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔
