سوڈان کے شہر الفاشر میں آر ایس ایف کے ڈرون حملے میں درجنوں افراد ہلاک

سوڈان کے شہر الفاشر میں آر ایس ایف کے ڈرون حملے میں درجنوں افراد ہلاک
سوڈان کے شہر الفاشر میں آر ایس ایف کے ڈرون حملے میں درجنوں افراد ہلاک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

خرطوم (ڈیلی پاکستان آن لائن) سوڈان کے جنگ زدہ شمالی دارفور کے شہر الفاشر (El Fasher) میں نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کے ڈرون اور شیلنگ حملے میں کم از کم 53 سے 60 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 14 بچے اور 15 خواتین شامل ہیں۔

سوڈان ڈاکٹرش نیٹ ورک کے مطابق، جمعہ کی شب آر ایس ایف نے امدرمان اسلامک یونیورسٹی کے احاطے میں قائم دارالارقم بے گھر افراد کے مرکز پر حملہ کیا۔ نیٹ ورک کے مطابق زیادہ تر زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

الجزیرہ کے مطابق مقامی کارکن تنظیم الفاشر ریزسٹنس کمیٹی نے اس واقعے کو “قتلِ عام” قرار دیتے ہوئے بتایا کہ حملے میں کم از کم 60 شہری مارے گئے۔

آر ایس ایف اور سوڈانی فوج (SAF) کے درمیان اپریل 2023 سے اقتدار کی جنگ جاری ہے، جب دونوں فورسز کے سربراہان کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے۔ اس خانہ جنگی نے سوڈان کو ایک انسانی المیے میں دھکیل دیا ہے، جسے اقوامِ متحدہ دنیا کا سب سے بڑا انسانی بحران قرار دے چکی ہے۔

اب تک دسوں ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ لاکھوں شہری اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک بے گھر ہو چکے ہیں۔ بین الاقوامی ادارہ برائے ہجرت (IOM) کے مطابق، الفاشر میں اس وقت تقریباً 2 لاکھ 60 ہزار لوگ محصور ہیں، جبکہ شہر کی مجموعی آبادی جنگ سے پہلے کے 11 لاکھ سے کم ہو کر صرف چار لاکھ 13 ہزار رہ گئی ہے , یعنی 62 فیصد کمی واقع ہو چکی ہے۔