سپر لیگ ، پی سی بی نے وسیم اکرم اور رمیض راجہ کوسفیر مقرر کر دیا

سپر لیگ ، پی سی بی نے وسیم اکرم اور رمیض راجہ کوسفیر مقرر کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے وسیم اکرم اور رمیض راجہ کو پاکستان سپر لیگ کا سفیر مقرر کر دیا، دونوں لیجنڈ کھلاڑیوں کا سپر لیگ کو کامیاب بنانے کا عزم ، وسیم اکرم نے کہا ہے کہ میرے لئے سب سے پاکستان ہے ، رمیض راجہ نے کہا کہ کوشش ہے اگلی بار سپر لیگ پاکستان میں ہو جبکہ نجم سیٹھی نے کہا کہ رمیز اور اکرم کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اس حوالے سے کسی کو بریفنگ دینے کی ضرورت نہیں کہ ان کو سفیر کیوں بنایا گیا ہے ۔۔ پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے وسیم اکرم اور رمیض راجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 20ستمبر کو سپر لیگ کا لوگولانچ کر دینگے ،پی ایس ایل تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپر لیگ کو کامیاب بنانے کے لئے بھر پور کوششیں کر رہے ہیں ،ٹورنامنٹ میں آئی سی سی کے رولز ہی چلیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم اور رمیض راجہ کی پاکستان کے لئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں انہوں نے کیا فیس لینی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈروسیم اکرم نے کہا کہ سپر لیگ کا پہلا سال ہے ، چھوٹا سٹارٹ لینا چاہتے ہیں ،آئی پی ایل سے کوئی مقابلہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے ،ہماری اولین ترجیح کھلاڑیوں کو پاکستان لانا ہے۔ وسیم اکرم نے کہا کہ سپر لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے ہمراہ کھیلنے سے پاکستانی کھلاڑیوں کا مورال بلند ہو گا او ر لیگ کامیابی سے ہمکنارہوگی۔انہوں نے کہا کہ سپر لیگ کے لئے اہم غیر ملکی کھلاریوں سے رابطے کئے ہیں ،بڑے کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔رمیض راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہے اگلی بار سپر لیگ پاکستان میں ہو ،پی ایس ایل پاکستان کرکٹ میں انقلاب لائے گی ،سپر لیگ سے کرکٹ میں بہت نکھار آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپر لیگ سے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا ،پی ایس ایل کے لئے بہت محنت درکار ہو ہے۔