قومی ٹی 20- ،کراچی بلیوز اور بہاولپور ریجن کی جیت
اسلام آباد (اے پی پی) قومی ٹی20کرکٹ کپ2015کے مین راؤنڈ کے تیسرے روز کھیلے گئے ابتدائی دو میچز میں کراچی بلیوز اور بہاولپور ریجن کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچزمیں کامیابی حاصل کر لی ،کراچی نے فیصل آبادکو7 وکٹ سے شکست دیدی جبکہ بہاولپور اور حیدرآباد کے درمیان کھیلے جانیوالے میچ کا فیصلہ سپر اوور میں بہاولپور کے حق میں نکلا۔مین راونڈ کے تیسرے روز ڈائمنڈ کرکٹ گراونڈ میں فیصل آباد ریجن اور کراچی بلیوزکے درمیان کھیلے جانیوالے پہلے میچ میں کراچی بلیوزکے کپتان نے ٹاس جیت کر فیصل آباد کی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی ،فیصل آباد ریجن کی ٹیم نے مقررہ20اوورزمیں5وکٹ کے نقصان پر158رنز بنائے،آصف علی نے40،مصباح الحق نے29اورراحیل امیر نے24رنز بنائے۔کراچی بلیوز کی طرف سے رومان رئیس اور عبد الامیر نے2,2 وکٹ حاصل کیں۔کراچی بلیوز کی ٹیم خالد لطیف کی آؤٹ ہوئے بغیر71رنز کی شاندار اننگزکی بدولت18.2اوورز میں 3وکٹ کے نقصان پر اپنا حدف پورا کرنے میں کامیاب ہوگئی اور میچ7وکٹ سے جیت لیا،خرم منظور نے47اور انور علی نے آوٹ ہوئے بغیر22رنز بنائے،فیصل آباد کی طرف سے سعید اجمل،سمیع اللہ نیازی اور احسان عادل نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی بلیوز کے خالد لطیف کو ان کی فاتحانہ اننگز پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔مین راونڈ کے تیسرے روزپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بہاولپور ریجن اور حید رآباد ریجن کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے دوسرے میچ میں حیدر آباد کے کپتان نے ٹاس جیت کر بہاولپور کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،بہاولپور کی ٹیم نے مقررہ20اوورزمیں4وکٹ کے نقصان پر160رنز بنائے،فیصل مبشر نے آوٹ ہوئے بغیر61رنز کی عمدہ اننگز کھیلی،اس ٹورنامنٹ میں فیصل مبشر کی یہ چوتھی نصف سنچری ہے،ان کے علاوہ ریاست علی نے45اورمحمد یاسر نے42رنز بنائے،حیدر آباد کی طرف سے میر علی خان نے2جبکہ بابر خان اور ناصر اویس نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔حیدر آباد کی ٹیم بھی مقررہ20اوورز میں5وکٹ کے نقصان پر160رنز بنا سکی اور یوں یہ میچ ٹائی ہوگیا،،عظیم گھمن اور فیصل اطہر نے 50,50رنز بنائے جبکہ شرجیل خان نے31اورشعیب لغاری نے25رنز بنائے،بہاولپور کی طرف سے سادات منیرنے2جبکہ ظاہر صدیقی اور محمد عمران نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی ۔میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور کروایا گیا جس میں حیدرآباد کی ٹیم 04گیندوں پر2وکٹ کے نقصان پرصرف 02رنز بنا سکی،بہاولپور کے اوپنر نے 04گیندوں پر مذکورہ حدف حاصل کرکے میچ میں کامیابی حاصل کرلی ۔بہاولپور کے فیصل مبشرکو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔