سال کے آخرتک اپرنٹسس کی تعداد 28ہزار کر لی جائے گی

سال کے آخرتک اپرنٹسس کی تعداد 28ہزار کر لی جائے گی

  

لاہور (کامرس رپورٹر): چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ رواں سال کے آخر تک بھرتی کئے جانے والے اپرنٹسس کی تعداد 28,000تک کر لی جائے گی۔جولائی 2015 تک بھرتی کئے گئے اپرنٹسس کی تعداد 14,000تھی۔اپرنٹسس کی دگنی تعدادصوبہ بھر اپرنٹس شپ ٹریننگ سکیم کے فروغ کیلئے اہم کردار اد ا کر ے گی ۔سکیم کے دائرہ کار کو وسیع کرنے اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے اپرنٹس کو بھرتی کرنے کی زیادہ سے زیادہ عمر کو 28 سال تک بڑھایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اپرنٹس شپ ٹریننگ سکیم کے جائزہ کار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں چیف آپریٹنگ آفیسرجواد احمد قریشی، ٹیوٹا افسران عبد القیوم، اظہر اقبال شاد،اختر عباس بھروانہ، مصطفی کمال پاشا، ہارون نصیر، عائشہ قاضی، محمدعثمان علی، وحید اصغر ، عامر حسن، سرفراز انور اور دیگر افسران موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ عمر کی حد بڑھانے کیلئے اپرنٹس شپ رولز میں تبدیلی کیلئے سمری پنجاب حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے۔پنجاب کے صنعتی اداروں میں اپرنٹس شپ سکیم کو لاگو کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے کے لئے ریجنل ڈائریکٹوریٹس آف اپرنٹس شپ ٹریننگ کو اپنے متعلقہ علاقوں کی صنعتوں میں اپرنٹسز کی تعداد بڑھانے کی ہدایات کر دی گئی ہیں۔ چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ اپرنٹس شپ ٹریننگ سکیم لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی ، ملتان ، بہاولپور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں واقع ریجنل ڈائریکٹوریٹس آف اپرنٹس شپ ٹریننگ(RDATs) کے ذریعے صنعتوں میں چلائی جاتی ہے ۔ٹیوٹا نے اپرنٹس شپ سکیم کی تشہیر کے لیے سیمینا رز ، مقابلہ ہنر مندی ، ایمپلائر ڈے اور سکول کے طلباء میں آگاہی مہم جیسے پروگرامز بھی منعقد کیے ہیں۔

تاکہ نوجوان نسل کو فنی تربیت کے مواقع سے آگاہ کیا جا سکے۔

مزید :

کامرس -