منداجاری‘ انڈیکس میں مزید 38پوائنٹس کی کمی ریکارڈ

منداجاری‘ انڈیکس میں مزید 38پوائنٹس کی کمی ریکارڈ

  

کراچی (اکنامک رپورٹر)کراچی اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو اتارچڑھاؤ کے بعد معمولی مندی دیکھی گئی اور کے ایس ای 100انڈیکس 33800کی نفسیاتی حد سے گرگیا ۔سرمایہ کاری مالیت میں24ارب22کروڑ روپے سے زائد کی کمی ، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت12.80 فیصد کم جبکہ57.56 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاؤسز اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے کیمیکل ،سیمنٹ اور پٹرولیم سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 33853پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔تاہم فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہوگئے ۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس37.99 پوائنٹس کمی سے33792.37 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر370 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے137 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 213 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 20کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں24 ارب22کروڑ97لاکھ 95ہزار 689 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر72 کھرب66 ارب43کروڑ7 لاکھ32 ہزار564 روپے ہوگئی۔ مجموعی طور پر17 کروڑ2 لاکھ43ہزار670 شیئرز کا کاروبار ہوا جو بدھ کے مقابلے میں2کروڑ50 لاکھ1 ہزار350 شیئرزکم ہیں۔

قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے ہینو پاک موٹرز کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت44.00 روپے اضافے سے 1081.20 روپے،اٹلس بیٹری کے حصص کی قیمت36.75 روپے اضافے سے771.77 روپے پر بند ہوئی۔ نمایاں کمی رفحان میظ کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت100.00 پوائنٹس کمی سے9400.00 روپے جبکہ صفائر فائبر کے حصص کی قیمت35.44 روپے کمی سے764.56روپے پر بند ہوئی۔ جمعرات کو ڈیس کون کیمیکل کی سرگرمیاں 1کروڑ78لاکھ 64 ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت63پیسے اضافے سے7.43 روپے اوردیوا ن سیمنٹ کی سرگرمیاں1 کروڑ26 لاکھ92 ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت14پیسے کمی سے17.92 روپے پر بند ہوئی۔جمعرات کو کے ایس ای 30 انڈیکس54.34 پوائنٹس کمی سے 20572.53 پوائنٹس،کے ایم آئی 30انڈیکس289.66پوائنٹس کمی سے 55832.88 جبکہ کے ایس ایس آل شیئرز انڈیکس41.90 پوائنٹس کمی سے 23612.65 پوائنٹس پر بند ہوئے۔

مزید :

کامرس -