حکومت مال روڈ پر جلسے جلوسوں اور احتجاجی مظاہروں پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرائے ‘ لاہور چیمبر

حکومت مال روڈ پر جلسے جلوسوں اور احتجاجی مظاہروں پر پابندی پر سختی سے عمل ...

  

لاہور ( کامرس رپورٹر)لاہو رچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ مال روڈ پر جلسے جلوسوں اور احتجاجی مظاہروں پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرائے کیونکہ اس سے نہ صرف تاجروں کے کاروبار برباد ہورہے ہیں جو پہلے ہی پریشان ہیں جبکہ اس سے ٹریفک کے سنگین مسائل بھی پیدا ہورہے ہیں۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ مال روڈ نہ صرف شہر کی پہنچان ہے بلکہ تجارتی و معاشی حوالے سے بھی بہت اہم ہے کیونکہ یہاں روزانہ کروڑوں روپے کا کاروبار ہوتا ہے جن میں سے حکومت کو محاصل بھی ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق مال روڈ پر جلسے جلوس اور احتجاجی مظاہرے کرنے پر پابندی عائد ہے لیکن ہر روز اس کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مال روڈ کو بلاک کردیا جاتا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کا نظام بْری طرح متاثر ہوتا ہے بلکہ گاہکوں کی آمد و رفت بند ہونے سے تاجروں کا کاروبار بھی برباد ہوجاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس کا جب جی چاہتا ہے احتجاج کے نام پر مال روڈ بلاک کرکے شہر بھر کا نظام درہم برہم کردیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پنجاب حکومت کی خاموشی کی وجہ سے سڑکیں بلاک کرنے کا عمل لبرٹی مارکیٹ اور شہر کے دیگر حصوں جاپہنچا ہے۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ احتجاج کرنا جمہوری عمل کا حصہ ہے لیکن اس کی آڑ میں تجارتی و معاشی سرگرمیاں تباہ نہیں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بے دھڑک احتجاجی مظاہروں اور جلسے جلوسوں سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ لاہور میں پنجاب حکومت کی رٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ کے خوف سے مال روڈ کے تاجروں کو دکانیں بند کرنا پڑتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اس معاملے پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے کے بجائے صورتحال کا نوٹس لے اور مال روڈ پر احتجاجی مظاہرے کرنے پر عائد پابندی پر انتہائی سختی سے عمل درآمد کرائے۔

مزید :

کامرس -