لاہور میں انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو کا آغاز ، ہزاروں افراد کی شرکت

لاہور میں انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو کا آغاز ، ہزاروں افراد کی شرکت

  

لاہور (کامرس رپورٹر) مرغبانی کی ترقی اور ترویج کیلئے تین روزہ انٹر نیشنل پولٹری ایکسپو کا آغاز لاہور میں ہو گیا ہے جس میں اس صنعت سے وابستہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سوسے زائد غیر ملکی نمائندے شرکت کررہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تین روزہ نمائش میں پولٹری انڈسٹری سے وابستہ ہزاروں افراد شریک ہیں جبکہ پانچ سو سے زائد مختلف سٹالز لگائے گئے ہیں۔اس موقع پر پولٹری انڈسٹری کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے ماہرین خصوصی لیکچرز دیں گے جبکہ ویکسین، دوا ساز کمپنیوں اور پولٹری ایکوپمنٹ کے حوالے سے بھی مفید معلومات فراہم کی جائیں گی۔ماہرین کے مطابق انڈسٹری کو بحران سے نکالنے کیلئے یہ نمائش معاون ثابت ہو گی۔ پاکستان پولٹری ایسوی ایشن کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں حلال گوشت کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے مثبت اثرات پاکستان کے پولٹری سیکٹر پر بھی دیکھے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین نے چند سال کے دوران پولٹری سیکٹر میں پچاس ارب روپے سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے جس سے مرغی کی پیداوار میں دگنا اضافہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو دوہزار پندرہ سے اس سیکٹر میں سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا۔نمائندگان پولٹری ایسوسی ایشن کے مطابق تین روزہ نمائش سے ناصرف مرغبانی کی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ اس میں موجود خامیوں کی نشاندہی اور انہیں درست کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

مزید :

کامرس -