واپڈا کارکنوں کے محکمہ بجلی کی مجوزہ نجکاری کے فیصلے پر احتجاجی جلوس،ریلیاں

واپڈا کارکنوں کے محکمہ بجلی کی مجوزہ نجکاری کے فیصلے پر احتجاجی جلوس،ریلیاں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ؑ ؁لاہور( خبرنگار) محکمہ بجلی واپڈا کے ایک لاکھ پچاس ہزار کارکنوں نے لاہور سمیت ملک بھر میں محکمہ بجلی کی مجوزہ نجکاری کے خلاف زبردست احتجاجی جلوس اور ریلیاں نکال کر گزشتہ روز’’ یوم احتجاج‘‘ منایا۔ واپڈا ملازمین کے ملک بھر کی مزدور تنظیموں کے نمائندوں نے بھی یوم احتجاج کی ریلیوں اور مظاہروں میں شرکت کی اور اس موقع پر احتجاجی ریلیاں لاہور سمیت ملک کے دیگر حصوں اسلام آباد، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد،بہاؤلپور، رحیم یار خان، سکھر، کوئٹہ، پشاور، مردان، سوات ،حیدر آباد، لاڑکانہ ودیگر شہروں میں منعقد ہوئیں لاہور میں محکمہ بجلی کے ہزاروں کارکنوں نے ایوان اقبال ایجرٹن روڈ پر احتجاجی ریلی منعقد کی جسے آئی اے رحمان سیکرٹری جنرل انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان ، عابد حسن منٹو مقتدر سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، چوہدری محمد انور صدر ریلوے ورکرز یونین، یوسف بلوچ چیئرمین، اْسامہ طارق سیکرٹری آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن، ذاکر علی شاہ،ساجد کاظمی، مقصود احمد، مظفر متین، حاجی محمد یونس، رانا اکرم، نمائندگان یونین ودیگر مزدور راہنماؤں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر بزرگ مزدور راہنماء خورشیداحمد جنرل سیکرٹری یونین نے ملک بھر کے محنت کشوں ، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی سے پْرزور اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر پاکستان میں قومی دولت کی لوٹ کھسوٹ اور جاگیرداری وسرمایہ داری اورسماج میں بے پناہ اونچ نیچ کے خاتمہ،کمر توڑ مہنگائی کے خاتمہ کی جدوجہد کو کامیاب کرنے کے لئے ایک ہو جائیں اور کمسن بچوں سے مشقت اور جبری محنت کی بجائے مفت معیاری تعلیم کی فراہمی اور قومی اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کروائیں۔ آئی ایم ایف و ورلڈ بینک کے ایماء پر قومی مفاد عامہ اور محکمہ بجلی کی مجوزہ نجکاری رکوائیں کیونکہ بجلی عوام کی بنیادی ضرورت ہے اور قومی اقتصادی وسماجی ترقی میں انجن کی حیثیت رکھتی ہے۔ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے لئے یہ سہولت عام کرے۔ اس موقع پر خورشید احمد خان نے کہا کہ اگر حکومت میٹروبس کے منصوبے پر اربوں روپے اسلام آباد، ملتان اور لاہور میں سرکاری شعبے میں چلا سکتی ہے تو محکمہ بجلی میں اصلاحات کرکے عوام کو واپڈا کی طرح سستی بجلی اْڑھائی روپے فی یونٹ کیوں نہیں پیدا کرسکتی؟ جبکہ تھرمل پاور ہاؤس میں 25 سے 30 روپے فی یونٹ پیدا کرتے ہیں اْنہوں نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ محکمہ بجلی ودیگر قومی اداروں بمعہ ریلوے، آئل اینڈگیس، سول ایویشن، نیشنل بینک کی مجوزہ نجکاری کی بجائے اْن کی کارکردگی میں اضافہ کرنے کے لئے کارکنوں سے مذاکرات کرے۔ آئی اے رحمان سیکرٹری جنرل انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا کہ ماضی میں سرکاری اداروں کی نجکاری والے ادھے سے زائد کارخانے بند ہونے سے لاکھوں ملازمین کو نکال کر صنعتوں کو بند کیا جاچکا ہے حکومت محکمہ بجلی ، ریلوے، آئل اینڈگیس کی مجوزہ نجکاری کی بجائے ان اداروں کی مزید بہتری کے لئے اسے پارلیمنٹ و سینٹ آف پاکستان میں زیر بحث لائے عابد حسن منٹو نے اعلان کیا کہ موجودہ فرسودہ نظام میں عوام مہنگائی، بے روزگاری و غربت دور کرنے میں ناکام ہوچکا ہے اس میں دور رس اصلاحات کے نفاذ کی جدوجہد سے کامیاب کیاجائے بعدازاں مظاہرین نے احتجاجی جلوس نکا ل کر اپنے مطالبات کے حق میں لیسکو ہیڈکوارٹر کے سامنے دھرنا دیا، جس کے باعث کوئینز روڈ اور ارد گرد کی سڑکوں پر ٹریفک کا نظام معطل رہا۔ دوسری جانب واپڈا ملازمین کی ہڑتال کے باعث لاہور سمیت دیگر اضلاع میں واپڈا کے دفاتر میں ’’ہو‘‘ کا عام رہا ہے اور واپڈا کے ملازمین کی ہڑتال کے باعث دفاتر میں آنے والے سائلین کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ہے۔