سروسز ہسپتال انڈر پاس کی کروڑوں مالیت کی دکانیں واگزار
لاہور( جاوید اقبال) ضلعی انتظامیہ نے محکمہ صحت کی ٹیم کے ہمراہ سروسز ہسپتال کے سامنے واقع انڈر پاس پر چھاپے مار کر سالہا سال سے ناجائز قابضین کے قبضہ سے کروڑوں روپے مالیت کی دوکانیں واگزار کروا لیں جنہیں بعد ازاں سیل کر کے قبضہ کرنے والے حاجی اشرف نامی شخص جو کہ قبضہ گروپ کا سرغنہ بتایا جاتا ہے کے خلاف مقدمہ درج کرا کر اسے گرفتارکر لیا گیا ۔ ضلعی حکومت کے ڈائریکٹر اسسٹنٹ مینجمنٹ کو معلوم ہوا کہ سروسز ہسپتال کے سامنے واقع انڈر پاس میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی ملکیتی کروڑوں روپے کی دوکانوں پر قبضے کر لیے گئے ہیں اور جن میں سے دوکان نمبر1 اور 2 جو کہ اشرف نامی شخص نے نیلامی میں حاصل کیں ان کے واجبات 1 کروپ 91 لاکھ روپے سالہا سال سے ادا نہیں کرا اور ضلعی حکومت کا نادہندہ ہے اور اس شخص نے ان دوکانوں پر میڈیکل سٹور بنا رکھے ہیں اور سرکار ی جائیداد کو توڑ کر کھڑکیاں نکال لیں ہیں جو کسی بھی وقت گر سکتی ہے۔ دوسری طرف حاجی اشرف کے طرف سے ان دوکانوں پر بنائے گئے صغیر نامی میڈیکل سٹوروں پر جعلی زائد المعیاد ادویات فروخت ہو رہی ہیں اور سروسز ہسپتال سے چوری شدہ سوچرز، انجکشن وغیرہ بھی فروخت ہوتے ہیں جس پر گزشتہ روز ڈی سی او لاہور کی ٹیم نے محکمہ صحت کے ڈرگ انسپکٹروں کے ہمراہ چھاپہ مارا تو کرپشن پکڑی گئی ۔ دوکان نمبر1 اور2 کو توڑ کر راستے بنائے گئے تھے۔ جعلی ادویات بھی فروخت کی جا رہی تھیں جس پر ان دوکانوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ٹیم کو بتایا گیا کہ دوکان نمبر3 اور چار اور 12،13 پر بھی اشرف بھٹی نے قبضہ کر رکھا ہے اور سرکاری دوکانوں کے تالے توڑ کر ہی شخص نے قبضہ کر لیا اور سرکاری جائیداد مختلف لوگوں کو ایک لاکھ فی دوکان کے حساب سے 10 لاکھ ماہانہ پر کرایہ پر دے دیں اور اس کے جعلی کاغذات تیار کر کے مقامی سول عدالت کے حکم امتناعی حاصل کر لیا بعد ازاں سچ سامنے آن پر سول عدالت نے حکم امتناعی خارچ کر دیا ۔ اس کے باوجود حاجی اشرف وغیرہ نے کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری دوکانوں پر قبضے کر کے کرایہ پر دے دیں جس پر ٹیم نے تمام دوکانوں کو سیل کر کے قبضہ گروپ کے سرغنہ حاجی اشرف کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا جسے بعد ازاں پولیس نے گرفتار کر لیا۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر اسسٹنٹ سٹی گورنمنٹ چنڈیو کا کہنا ہے کہ حاجی اشرف بڑا قبضہ گروپ ہے جس نے کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری دوکانوں پر قبضہ کر رکھا تھا جسے واگزار کرا کر قبضہ گروپ کے سرغنہ کو گرفتار کرا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دوکانوں پر قبضے کر کے کرایہ پر دے کر گزشتہ 10 سالوں کی آمدن بھی وصول کریں گے۔