صحافیوں پر حملے قابل مذمت ،پاکستان کو امریکی کالونی نہیں بننے دیں گے،حامد سعید
لاہور(نمائندہ خصوصی )سابق وفاقی وزیر اور نظام مصطفی پارٹی کے مرکز ی رہنما صاحبزادہ حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ صحافیوں پر حملے قابل مذمت ہیں۔ پاکستان کو امریکہ کی کالونی اور بھارت کی منڈی نہیں بننے دیں گے۔قانو ن کی بالادستی ہی ترقی و استحکام کی ضامن ہے۔اسلام دہشتگرد ی، انتہا پسندی کا مخالف ہے۔فرقہ واریت کی آگ بجھانے کیلئے علماء اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلال سعیدی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حامد سعید نے مزید کہا کہ سرحد پر بھارتی اشتعا ل انگیزی کا مقصد ضرب عضب سے توجہ ہٹانا ہے۔جنرل راحیل شریف کا مسئلہ کشمیر اور دہشتگردی پر مؤقف قومی امنگوں کا عکاس ہے۔ آزادی ء کشمیر ہی تکمیل پاکستان ہے۔اردو کے نفاذ کے تاریخی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ اردو کے نفاذ کے فیصلہ میں 40سال تک آئین پر عمل نہیں کیا گیا۔ آئین آئین کی رٹ لگانے والوں نے آئین کو ہمیشہ اپنے مقصد کیلئے استعمال کیا ۔ پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کا وقت آگیا ہے۔ یوم دفاع پر آرمی چیف کا بیان قومی جذبات کا ترجمان تھا۔