حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت خطرے میں پڑ گئی ہے، ڈاکٹر سید وسیم
لاہور(نمائندہ خصوصی)پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور قائمقام سیکرٹری جنرل راؤظفراقبال نے کہاہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت خطرے میں پڑ گئی ہے۔ووہولڈنگ ٹیکس کے خلاف پاکستان بھر کی تاجر برادری سراپااحتجاج ہے مگر تاحال حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔گزشتہ روزودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ملک گیر ہڑتال سے ملکی معیشت کو30ارب روپے کانقصان ہوا۔لاہورسمیت پشاور،کوئٹہ،فیصل آباد،سکھر،قصور،ساہیوال،ملتان راولپنڈی ودیگر شہروں میں معیشت کاپہیہ جام رہا۔صرف کراچی میں ایک دن کی ہڑتال سے4ارب روپے سے زائد کانقصان ہوا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں ایک طرف مہنگائی میں ہوشرباء اضافہ ہوچکا ہے جبکہ دوسری جانب بدترین لوڈشیڈنگ نے رہی سہی کسرپوری کردی ہے۔مہنگائی،بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ کے ستائے ہوئے عوام کوحکومت ریلیف فراہم کرنے کی بجائے نئے ٹیکس لگاکر ان کے مسائل میں اضافہ کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت آج زبوں حالی کاشکار ہے۔جی ایس پی پلس کادرجہ ان ممالک کوملتا ہے جوغربت کاشکار ہوں۔ جی ایس پی پلس کادرجہ ملنے کے باوجود ملکی ایکسپورٹ میں کوئی خاطرخواہ اضافہ نہیں ہوا۔جی ایس پی پلس سے91مصنوعات کوفائدہ پہنچ سکتا ہے لیکن حکومتی نااہلی کی وجہ سے ملکی صنعت کاروں کومعاہدے کی تفصیلات کابھی علم نہیں۔ملکی تاجر28ممالک میں بغیر ڈیوٹی کے برآمدکرسکتے ہیں۔جب تک ہم اپنے سرمایہ داروں،صنعت کاروں کوسہولیات فراہم نہیں کریں گے ان پر عائد ٹیکسوں کابوجھ کم نہیں کریں گے تب تک اہداف حاصل نہیں ہوسکتے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہاکہ موجودہ حکومت اپنے دوسال مکمل کرچکی ہے مگر عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں ہوئے۔معاشی بدحالی کے باعث لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔امیر پہلے سے زیادہ امیر اور غریب غریب ترہوتاجارہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ملکی معیشت کوسنبھالادینے کے لئے اہل لوگوں کی خدمات لے اور سنجیدگی سے اقدامات کرے۔