پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرکے ترقی یافتہ مملکت بنائیں گے،ڈاکٹر فرخ

پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرکے ترقی یافتہ مملکت بنائیں گے،ڈاکٹر فرخ

  

لاہور( اپنے خبر نگار سے ) تحقیقاتی اداروں اور جامعات میں ہونیوالی تحقیق اور توسیع کی کامیابیاں اسی صورت میں فائدہ مند ہونگی جب کھیت میں کام کرنے والے عام کسان تک اس کے ثمرات پہنچ پائیں گے۔ پاکستان کا مستقبل طالب علموں کے ہاتھوں میں ہے لہذا وہ مختلف علوم پردسترس حاصل کرکے ملک کی تعمیروترقی کے لئے میدان عمل میں آئیں۔طلباء اس عزم سے محنت کریں کہ وہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرکے اسے عظیم فلاحی اورترقی یافتہ مملکت بنائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں موجودہ حکومت نے علم کے فروغ کو اپنی اولین ترجیح بنا رکھا ہے اس مقصد کے لئے متعدد انقلابی پروگراوں پر عمل پیرا ہیں کیونکہ جہالت کا خاتمہ کئے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے انسٹیٹیوٹ آف ایگریکلچر سائنسز جامعہ پنجاب کے طلباو طالبات کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ادارے کے طلباء نے تحقیق کے فروغ کیلئے چار نئے ایم ایس پروگرام شروع کروانے کے حوالے سے وزیر زراعت کی خصوصی کاوشوں پر ان کا شکریہ اد اکیا۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر فرخ جاوید کی ذاتی توجہ اورفوری ایکشن سے ادارے میں پلانٹ پتھالوجی،ٖفوڈ ٹیکنالوجی ، ہارٹیکلچراوراینٹی مالوجی کے نئے ایم ایس پروگراموں کا اجراء کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر فرخ جاوید نے طلباء سے گفتگو میں کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف ایگریکلچر سائنسز جامعہ پنجاب میں ایم ایس کی سطح پر نئے پروگراموں کے اجراء سے زراعت کی شعبے میں تحقیق کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کوشش میں جامعہ پنجاب کے وائس چانسلر مجاہد کامران اور انسٹیٹیوٹ آف ایگریکلچر سائنسزکے ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیم حیدر بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے ہماری سفارشات پر جلد از جلد عمل کرتے ہوئے طلباء کی فلاح اور تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے۔ وزیر زراعت نے کہا کہ تعلیم و تحقیق میں بہتری لانے سے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کو ہونہار ورک فورس میسر آئے گی۔ان قدامات سے نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے او ر شعبہ زراعت مضبوط ہو گا۔انہوں نے ملاقات کیلئے آنے والے طلباء کو مستقل مزاجی اور انتھک محنت سے تعلیم و تحقیق میں مصروف رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کو قائداعظم کے فرمودات کی روشنی میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے طلباء کا قلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ہر سطح پر تعلیم کے فروغ کیلئے معاونت فراہم کرے گی اور ہمارے یہی ہونہار طلباء مستقبل میں زراعت، صنعت، خوراک اور دیگر شعبہ جات میں نئی راہیں متعارف کروائیں گے۔